دراندازوں کی مدد پر 5 سے 15 سال قید یا 10 لاکھ ریال تک جرمانہ
پناہ گاہ کے لیے استعمال کیا جانے والا مکان ضبط کرلیا جائے گا( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں دراندازوں کو روزگار فراہم کرنے، اندرون ملک ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کرنے، رہائش کا بندوبست کرنے، کسی بھی شکل میں انہیں تعاون دینے یا مدد کرنے پر سخت سزائیں دی جائیں گی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ایوان شاہی سے جاری فرمان میں کہا گیا ہے کہ ’ جو شخص بھی مملکت میں دراندازی کرنے والے کسی شخص کو کسی طرح کی کوئی سہولت دے گا اسے کم از کم پانچ سے پندرہ برس تک قید کی سزا یا دس لاکھ ریال تک جرمانہ کیا جائے گا‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’جو بھی شخص اندرون مملکت ٹرانسپورٹ کا بندوبست کرے گا، اسے پناہ گاہ فراہم کرے گا یا کسی بھی شکل میں اسے کوئی سہولت یا مدد مہیا کرے گا تو اسے بھی یہی سزا دی جائے گیا‘۔
شاہی فرمان کے مطابق’ درانداز کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی ضبط کرلی جائے گی۔ پناہ گاہ کے لیے استعمال کیا جانے والا مکان بھی ضبط کرلیا جائے گا‘۔
’اگر گاڑی یا رہائش کا مالک کوئی اور ہوگا تو ایسی صورت میں ٹرانسپورٹ یا رہائش کا بندوبست کرنے والے پر دس لاکھ ریال تک کا جرمانہ ہوگا‘۔