‘آئندہ 5 برس تک اُڑنے والی ٹیکسیاں متعارف ہوجائیں گی‘
‘آئندہ 5 برس تک اُڑنے والی ٹیکسیاں متعارف ہوجائیں گی‘
بدھ 13 اکتوبر 2021 17:10
ایک سو سے زائد کمپنیاں ارنے والی ٹیکسیوں کے منصوبے پر کام کر رہی ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
برطانوی ورٹیکل ایروسپیس کمپنی کے بانی کا کہنا ہے کہ رواں دہائی کے وسط تک اڑنے والی ٹیکسیاں متعارف کروا دی جائیں گی۔
ورٹیکل ایرو سپیس کے بانی اور سربراہ سٹیفن فٹزپیٹرک کے ذہن میں ایک ایسی دنیا کا تصور ہے جہاں آسمانوں میں ٹیکسیاں اڑتی ہوئی نظر آئیں اور فضا میں اڑتے ہوئے دفتر کی چھت پر لینڈ کریں۔
دنیا کے نامور انجینیئرز اور ایئرلائنز کے خیال میں ورٹیکل ایک ایسا چھوٹا جہاز تیار کرنے پر کام کر رہی ہے جو زیرو اخراج کرتا ہو اور جس میں چار مسافر بیٹھ سکیں۔ یہ جہاز فضا میں 120 میل تک کا سفر طے کر سکے گا۔
کمپنی کے سربراہ سٹیفن فٹزپیٹرک کا کہنا ہے کہ لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ سے شہر کے فنانشل ڈسٹرکٹ تک کا سفر پندرہ منٹ میں طے ہو سکے گا جب کہ فی مسافر سے 50 پاؤنڈ کرایہ لیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ورٹیکل ایرو سپیس ایک نیو یارک کی کمپنی میں ضم ہونے کے بعد 394 ملین ڈالر کمائے گی۔
کمپنیوں کا انضمام رواں سال کے آخر تک مکمل ہو جائے گا، جس میں امیرکین ایئر لائنز، جہاز لیز کرنے والی کمپنی ایوولون، انجینیئر ہونی ویل اور رولز روئس، اور مائیکروسافٹ کا ایم 12 یونٹ سرمایہ کاری کر رہا ہے۔
فضا میں اڑنے والی ٹیکسیوں کے منصوبے میں کئی ایئر لائنز نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
ورٹیکل ایئرو سپیس کے ایک ہزار ’وی اے ایکس فور‘ جہازوں کے آرڈر پہلے سے ہی صارفین نے دے دیے ہیں۔
صفر اخراج والے طیاروں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کی ایک وجہ سرمایہ کاروں کی جانب سے مطالبہ ہے کہ فضائی صنعت کو کاربن سے پاک کیا جائے۔
ورٹیکل ایرو سپیس کے سربراہ سٹیفن فٹزپیٹرک نے روئٹرز کو بتایا کہ ’ہم معاہدوں پر دستخط کرنے جا رہے ہیں۔ ایئر لائنز کی جانب سے دلچسپی اور طلب بہت زیادہ ہے۔‘
تاہم ورٹیکل ایرو سپیس کے لیے اپنے جہازوں کی سرٹیفیکیشن سب سے بڑا چیلنج ہے، جس کے متعلق کمپنی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ 2024 کے آخر تک سرٹیفیکیشن ہو جائے گی۔
سٹیفن فٹزپیٹرک کو اڑنے والی ٹیکسی کا خیال سنہ 2015 میں آیا تھا جب برازیل میں کئی گھنٹے وہ ٹریفک میں پھنسے رہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت اتنی زیادہ حریف کمپنیاں نہیں تھیں لیکن آج ایک سو سے زائد کمپنیاں اڑنے والے ورٹیکل ٹیک آف اور لینڈنگ طیاروں پر کام کر رہی ہیں۔
جہاز وی اے ایکس فور طیارہ فی الحال تیاری کے مراحل میں ہے جس کی ٹیسٹ پرواز آئندہ سال کے شروع میں ہوگی۔سٹیفن فٹزپیٹرک کو یقین ہے کہ وی اے ایکس فور بلا شبہ اڑے گا۔
طیارے کی سرٹیفیکیشن یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) پر منحصر ہوگی۔
سٹیفن فٹزپیٹرک نے بتایا کہ ہیتھرو ایئر پورٹ کے ساتھ بات چیت جاری ہے، بڑے برانڈز کے ساتھ منسوب ہونے سے مسافروں کو اس نئی ٹیکنالوجی کو قبول کرنے میں مدد ملے گی۔