Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دلہن روٹی بنائے، دلہا مدد کرے‘ شادی کی ویڈیو وائرل

پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں شادی کے موقع پر ’دلہن کی روٹی بنانے اور دلہا کی جانب سے اس کی مدد کرنے‘ کی ایک ویڈیو سوشل ٹائم لائنز پر وائرل ہوئی ہے۔
اس ویڈیو میں ایک شادی کے موقع پر دلہا و دلہن کو روٹی پکاتے دکھایا گیا ہے جب کہ ان کے دائیں، بائیں اور پیچھے شادی کی تقریب میں شریک خواتین اور بچے نمایاں ہیں۔
فیس بک اور ٹوئٹر پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں واضح ہے کہ ’روٹی پکانے‘ کی رسم کے موقع پر وہاں موجود افراد اس سے خوب محظوظ ہو رہے ہیں۔
تیمور خان نامی صارف کے مطابق ’چترال کے ایک گاؤں میں ایک پرانی مگر خوبصورت روایت جہاں دلہن سے کہا جاتا ہے کہ وہ اپنی شادی کے دن روٹی بنائے اور دلہا اس کی مدد کرے۔  اس طرح ان کی ازدواجی زندگی باہمی تعاون اور محبت سے شروع ہوتی ہے۔‘
ویڈیو شیئر کرنے والوں میں سے کچھ نے اسے چترال کی رسم قرار دیا تو دیگر کا کہنا تھا کہ یہ گلگت بلتستان کے علاقے کی رسم ہے جو شادی سے قبل بھرپور دلچسپی کے ساتھ برتی جاتی ہے۔ 
عمر حیات خان نامی صارف نے اسے گلگت بلتستان کی رسم قرار دیا تو چترال سے منسوب کرنے والوں کو ’پہلے تحقیق کرنے‘ کا مشورہ دیا۔
’مقامی رسم کی خوبصورتی اور دلچسپی‘ سے متعلق گفتگو کچھ صارفین کے لیے ’گول روٹی‘ نہ بنا سکنے کی تشویش بنی تو اس کا اظہار بھی کیا گیا۔
بینظیر صمد نامی ٹویپ  نے لکھا ’امید ہے کہ یہ روایت اب باقی نہیں بچی ہو گی۔ گول روٹی کے چکر میں میرا تو بوریا بستر گول ہو جائے گا۔‘

اس موقع پر کچھ افراد نے ’روایت کی موجودگی‘ کی اطلاع دی تو دیگر نے وضاحت کی کہ ’فکر نہ کریں، گول روٹی لازم نہیں ہے۔‘
مختصر دورانیے کی ویڈیو کو فیس بک اور ٹوئٹر پر مختلف اکاؤنٹس کی جانب سے شیئر کیا گیا جسے دیکھنے والوں کی تعداد لاکھوں میں پہنچ چکی ہے۔

شیئر: