ایس او پیز میں نرمی کے فیصلے کا نفاذ آج اتوار سے
اتوار 17 اکتوبر 2021 11:03
’کھلے مقامات پر ماسک کی پابندی نہیں ہوگی تاہم بند مقامات پر ماسک لگائے رکھنا ضروری ہوگا‘ ( فوٹو: الوطن)
سعودی عرب میں ایس او پیز میں نرمی کے فیصلہ پر آج سے عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے اس ضمن میں متعدد فیصلوں پر شاہی منظوری کا اعلان کیا ہے۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’آج سے کھلے مقامات پر ماسک کی پابندی نہیں ہوگی تاہم بند مقامات پر ماسک لگائے رکھنا ضروری ہوگا‘۔
’جن لوگوں نے ویکسین کی دو خوراکیں لے رکھی ہیں ان کے لیے متعدد رعایتوں کا فیصلہ کیا گیا ہے‘۔
’مسجد الحرام میں پوری گنجائش کے ساتھ دو خوارکیں لینے والے زائرین کو آنے کی اجازت ہوگی تاہم انہیں توکلنا اور اعتمرنا سے پیشگی وقت لینا ہوگا‘۔
’مسجد الحرام میں موجودگی کے دوران تمام زائرین ماسک کی پابندی کریں گے‘۔
’مسجد نبوی میں بھی پوری گنجائش کے ساتھ زائرین کو آنے کی اجازت ہوگی جہاں موجودگی کے دوران ماسک لگائے رکھنا ہوگا‘۔

’تمام شادی ہالز میں تعداد کی قید کے بغیر لوگوں کو مدعو کرنے کی اجازت ہے‘ (فوٹو: سبق)
’مسجد نبوی میں روضہ اطہر اور زیارت کے لیے توکلنا اور اعتمرنا سے پیشگی وقت لینا ہوگا‘۔
’ریستورانوں، سینما ہالز اور پبلک مقامات پر سماجی فاصلے کی پابندی ختم کردی گئی ہے‘۔
’تمام شادی ہالز میں تعداد کی قید کے بغیر لوگوں کو مدعو کرنے کی اجازت ہے تاہم بند ہالز میں ایس او پیز کی پابندی کرنی ہوگی‘۔