’مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، جازان اور مشرقی ریجن میں بدھ اور جمعرات کی شب سے لے کر صبح 8 بجے تک دھند رہی جبکہ یہی کیفیت آج رات اور کل صبح بھی متوقع ہے‘۔
’مکہ مکرمہ ریجن میں جدہ کے علاوہ قنفذہ، اللیث، شعیبہ اور رابغ سب سے زیادہ متاثر رہے جبکہ مدینہ منورہ ریجن میں ینبع اور الرایس میں بھی زیادہ دھند رہی‘۔
دریں اثنا جدہ کے رہائشیوں میں یہ بحث گرم ہے کہ جدہ میں حالیہ کیفیت کو کیا نام دیا جائے۔
جدہ جیسے گرم شہر میں عام طور پر دھند کبھی دیکھی نہیں گئی جس کی وجہ سے بعض رہائشی حالیہ کیفیت کو غبار قرار دیتے ہیں جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ یہ دھند ہے ۔
جن لوگوں کا موقف ہے کہ یہ غبار ہے، دھند نہیں، ان کا کہنا ہے کہ جدہ میں گزشتہ 50 سال میں کبھی دھند دیکھنے میں نہیں آئی۔
ان کا کہنا ہے کہ شہر کی فضا میں غبار ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہو رہی ہے۔
جبکہ حالیہ کیفیت کو دھند قرار دینے والوں کا کہنا ہے کہ ’موسم میں رطوبت بہت ہے۔ آپ اے سی چلا کر کچھ دیر کے لیے گاڑی روکے رکھیں تو تمام شیشوں پر دھند چھا جائے گی۔
اس بحث پر ماہر موسمیات ڈاکٹر عبد العزیز الحصینی نے فیصلہ کن رائے دیتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ جدہ میں حالیہ کیفیت واقعی دھند ہے، غبار نہیں۔
جدہ میں حالیہ دھند کی وجہ موسمی تغیر ہے جب دن میں موسم اعتدال پر مائل ہوتا ہے اور رات کے وقت سردی مائل ہوجاتا ہے تو فجر کے قریب دھند چھا جاتی ہے۔