آنسو دو طرح کے ہوتے ہیں خوشی کے یا غم کے۔ گذشتہ روز پاکستانی ٹیم کی انڈیا سے جیت کے بعد بہت سی آنکھیں خوشی سے آبدیدہ ہوئیں، لیکن کپتان بابر اعظم کے والد کی خوشی قابل دید تھی۔
گزشتہ روز پاکستان نے انڈیا کو پہلی بار ورلڈ کپ میں 10 وکٹوں سے شکست دی جس کے بعد ملک بھر میں جشن منایا گیا تو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے والد پاکستان کی جیت پر آبدیدہ ہیں۔
کپتان بابر اعظم کے والد کی ویڈیو وائرل ہوئی تو سوشل میڈیا صارفین ان کے والد اعظم صدیقی کو مبارک باد دیتے ہوئے ویڈیو شیئر کر رہے ہیں۔
بابر اعظم لور نامی ٹوئٹر ہینڈل پر بابر اعظم کو قابل فخر بیٹا کہتے ہوئے لکھا گیا کہ ’دنیا میں اپنے والد کو فخر محسوس کروانے کا اس سے بڑھ کر بہتر احساس کوئی نہیں ہے۔ بابر اعظم نے یہ آج کیا ہے۔ خوشی کے آنسو۔‘
There's nothing better feelings in the world than making Your Father Proud. Babar Azam has done it today. He makes his Father Proud. Tears of Happiness.
Goosebumps #PAKvIND pic.twitter.com/91ZhaRPI4N
— Babar Azam Lovers (@BabarAzam_Lover) October 24, 2021
ٹوئٹر صارف شکیل گجر بابر اعظم کے والد کی خوشی کے آنسوؤں پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’باپ دنیا میں واحد شخصیت ہوتی ہے جو اپنی اولاد کو اپنے سے زیادہ کامیاب دیکھنا چاہتی ہے۔ میچ کے اختتام پر بابر اعظم کے والد کی خوشی دیدنی تھی۔‘
سوشل میڈیا صارف جبران ناصر نے بابر اعظم کے والد کی ویڈیو پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور لکھا کہ ’سارا میدان واقعی بابر اعظم کا ہے۔ ان کے والد کے لیے باعث فخر لمحہ ہے۔ بابر اعظم نے بہت ریکارڈ توڑے، لیکن ہم سب جانتے ہیں یہ بہت خاص تھا۔ ایک عظیم والد ہونے پر آپ کا شکریہ۔‘
سوشل میڈیا صارف فہد عباسی وائرل ہونے والی ویڈیو کو بہرتین ویڈیو قرار دیتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’یہ رات کی بہترین ویڈیو ہے۔ بابر اعظم کے والد اپنے بیٹے کو قومی کرکٹ ٹیم کو جیت کے لیے لیڈ کرتے دیکھ رہے ہیں۔‘
کپتان بابر اعظم کے ماضی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹوئٹر صارف اکاش فاروق نے لکھا کہ ’بابر اعظم کے والد جذباتی ہوئے گئے ہیں۔ بابر اعظم کو موٹر سائیکل پر قذافی سٹیڈیم چھوڑنے سے انڈیا کو ہرانے والے پہلے کپتان بنتے دیکھ رہے ہیں۔ یہ ایک بہتریں لمحہ ہے۔‘