Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم کا 250 بچوں کو پڑھانے کا اعلان

بابر اعظم کی ٹوئیٹ انڈیا کے خلاف ٹی 20 ورلڈکپ میں فتح پاکستان کی فتح کے بعد سامنے آئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اعلان کیا ہے کہ وہ ’نون پاکستان‘ نامی ادارے کے توسط سے 250 سٹوڈنٹس کو تعلیم دلوائیں گے۔
سوموار کو اپنی ایک ٹوئیٹ میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’میں ایڈ ٹیک پلیٹ فارم نون کے ذریعے 250 طالب علموں کو تعلیم دلواکر سیلیبریٹ کرنا چاہتا ہوں۔‘
ان کی یہ ٹوئیٹ انڈیا کے خلاف ٹی 20 ورلڈکپ میں فتح پاکستان کی فتح کے بعد سامنے آئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس کام کا کریڈٹ اپنے ’رول ماڈل‘ والد محمد اعظم اور سایہ کارپوریشن کو دینا چاہتے ہیں۔
’نون‘ ایک ای لرننگ پلیٹ فارم ہے جو آٹھ ممالک میں بچوں کو مفت آن لائن تعلیم فراہم کررہا ہے۔
’نون‘ کی ویب سائٹ کے مطابق یہ ادارہ پاکستان، سعودی عرب، مصر، عمان، کویت، اردن، انڈیا اور عراق میں بچوں کو آن لائن تعلیم فراہم کرتا ہے۔
یہ ادارہ تقریباً 90 لاکھ طالبعلموں کو تعلیم دے رہا ہے اور 1 لاکھ اساتذہ ان کے نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔
 
بابر اعظم کے بچوں کو تعلیم دلوانے کے اعلان کے بعد انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
خدیجہ نامی صارف نے ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’یہ تعلیم کے شعبے میں ڈویلپمنٹ کی طرف اچھا قدم ہے جس سے مستحق بچوں کی مدد ہوسکے گی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آپ میرے کپتان ہیں اور ملک کی بہترین نمائندگی کررہے ہیں۔‘
محمد طارق نامی صارف نے کہا کہ ’بابر اعظم ہمیں آپ پر فخر ہے، ہمیں یہی کرنے کی ضرورت ہے، دوسروں کی مدد کرنا اور ان کو تعلیم کے ذریعے اوپر لانا۔‘
سعد نامی صارف نے بابر اعظم کی اچھی تربیت کا کریڈٹ ان کے والدین کو دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ پھر اپنے والدین کا سر فخر سے اونچا کررہے ہیں۔‘

شیئر: