قیدیوں سے ملاقات کے لیے ابشر کے ذریعے تاریخ اور وقت لینا ہوگا
نئے ضوابط پر عمل درآمد اتوار 31 اکتوبر سے کیا جا ئے گا(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں محکمہ جیل خانہ جات نے قیدیوں سے ان کے سعودی اور مقیم غیرملکی رشتہ داروں کی ملاقات کے قواعد و ضوابط جاری کیے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ جیل خانہ جات کے ترجمان کرنل بندر الخرمی نے کہا ہے کہ نئے ضوابط پر عمل درآمد اتوار 31 اکتوبر 2021 سے کیا جا ئے گا۔
قیدیوں سے ملاقات کے لیے آن لائن ’ابشر‘ پلیٹ فارم کے ذریعے تاریخ اور وقت بک کرانا ہوگا۔
کرنل الخرمی نے کہا کہ قیدیوں سے ان کے وہی قریبی ترین رشتہ دار مل سکتے ہیں جو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں۔
ملاقات کے موقع پر انہیں کورونا ایس او پیز مثلا حفاظتی ماسک، سینیٹائزنگ اور سماجی فاصلے کی پابندی کرنا ہوگی۔ توکلنا ایپ کے ذریعے ویکسین ریکارڈ چیک کرانا ہوگا۔
بیان میں ترجمان نے مزید کہا کہ ہفتے میں چار دن عام رشتہ داروں کی ملاقاتوں کے لیے مختص ہیں جبکہ تین دن فیملی ملاقات کے لیے خاص ہیں۔ تاریخ اور وقت ملاقات کی جگہ کی گنجائش کے حساب سے متعین ہوگی۔