Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کا آئل ٹینکر قبضے میں لینے کی امریکی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ

ایران نے مطابق آئل ٹینکر کو واپس اپنے قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایران نے خلیج عمان میں امریکی نیوی کی جانب سے ایرانی تیل بردار ٹینکر کو قبضے میں لینے کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی سرکاری ٹی وی نے کہا ہے کہ ’امریکہ نے ایرانی تیل برآمد کرنے والے ٹینکر کو روکا اور سامان دوسرے ٹینکر پر منتقل کیا جسے پھر نامعلوم مقام کی طرف جانے کی ہدایت کی۔‘
ایرانی سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والی خبر میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ مذکورہ واقعہ کس تاریخ کو پیش آیا ہے اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ جہاز کس ملک کے ساتھ رجسٹرڈ ہے۔
اے ایف پی کے مطابق ایرانی سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والی خبر میں اہم سوالات کے جوابات نہیں دیے گئے۔
سرکاری ٹی وی نے جہاز کی شناخت واضح کیے بغیر کہا کہ ’سپاہ پاسدارانِ انقلاب کی نیوی نے فضائی مدد کے تحت ٹینکر کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔‘
ایرانی سرکاری ٹی وی نے مزید کہا کہ ’امریکی فوج نے جنگی جہاز اور متعدد ہیلی کاپٹروں کی مدد سے ٹینکر کا راستہ دوبارہ روکنے کی کوشش کی لیکن ناکام ہو گیا۔ ٹینکر اب ایرانی پانیوں کی حدود میں موجود ہے۔‘
خیال رہے کہ 2015 کے جوہری معاہدے کے تحت امریکہ نے ایرانی تیل کی برآمد پر پابندیاں ختم کر دی تھیں، لیکن 2018 میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے معاہدے سے دستبرداری کے بعد ایران پر پابندیاں دوبارہ عائد کر دی گئی تھیں۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک مرتبہ پھر جوہری معاہدے کی بحالی پر رضامندی کا اظہار کیا ہے تاہم اس کے بدلے میں ایران کو اپنی جوہری کارروائیاں محدود کرنا پڑیں گی۔

شیئر: