Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسد عمر کا سیاحت کا مشورہ: ’پرانے پاکستان کی باقیات بھی دیکھ لیں‘

تخت بھائی مردان میں واقع معروف تاریخی سیاحتی مقام ہے (فوٹو: ٹوئٹر اسد عمر)
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے خیبرپختونخوا میں واقع تخت بھائی کے تاریخی ورثے کا دورہ کیا تو دوسروں کو بھی دو ہزار برس پرانا مقام دیکھنے کی دعوت دی۔
پاکستان میں عالمی تاریخی ورثے کے چھ مقامات میں سے ایک کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے اسد عمر نے لکھا ہزاروں برس قبل اتنا وسیع انفراسٹرکچر بنانا دلچسپ ہے۔
ٹویٹ پر تبصرہ کرنے والے صارفین نے ضلع مردان میں واقع اس مقام سے متعلق دلچسپ معلومات شیئر کیں تو دیگر تاریخی مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے اسد عمر کو وہاں کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

ایسے میں کچھ صارفین نے موجودہ ملکی حالات اور حکمراں جماعت پی ٹی آئی کی پالیسیوں کے تناظر میں اسد عمر کو ’پرانے پاکستان کی باقیات‘ کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دے ڈالی۔

محمد بلال نامی ٹویپ نے لکھا کہ ’آپ پرانے پاکستان کی باقیات کا دورہ بھی کریں وہ بھی قابل ذکر ورثہ ہے۔ جیسا کہ آپ نے کہا کہ گزرا وقت دلچسپ تھا، جی ہاں اس وقت لوگ کم مہنگائی کی وجہ سے خوش تھے۔‘
گزرے وقت اور یادوں کا ذکر ہوا تو کچھ صارفین ملک میں موجودہ مہنگائی کا تقابل کرتے ہوئے اسد عمر سے مطالبہ کرتے رہے کہ وہ جس طرح ماضی میں مہنگائی اور عوام پر اس کے اثرات کا ذکر کرتے تھے اب بھی ایسا کریں تو بہتر رہے گا۔

العدنان نامی ہینڈل نے لکھا ’جب آپ ہمیں معیشت کے فارمولے پڑھایا کرتے تھے وہ زمانہ بھی پرانا ہی لگتا ہے۔‘
انیلہ نورین نامی صارف نے اسد عمر کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے اقرار کیا کہ وہ ضرور اس جگہ کا وزٹ کریں گی۔ اپنی تجویز میں انہوں نے لکھا کہ ملک میں موجود تاریخی مقامات کی بہتر دیکھ بھال کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
مہنگائی اور اس سے متعلق حکومتی پالیسیوں سے نالاں محسوس ہونے والے عبداللہ نذیر نامی ہینڈل نے لکھا کہ ’یہیں قومی قبرستان کے لیے بھی جگہ بک کروا لیں۔ جو آپ کی حکومت نے حالات پیدا کر دیے ہیں یہی راستہ ہے اب۔‘

تحت بھائی کے تاریخی ورثے سے متعلق ٹویٹ کے بعد وفاقی وزیر کے ساتھ ساتھ حکمراں جماعت تحریک انصاف کے اہم رہنما ہونے کے ناطے اسد عمر کو صارفین کی تنقید خصوصا مہنگائی کے معاملے پر سخت غم و غصہ کا سامنا کرنا پڑا۔
البتہ اس دوران کچھ صارفین علاقے سے تاریخی نوادرات کی مبینہ  چوری اور انہیں بلیک مارکیٹ میں سمگل کیے جانے کا تذکرہ کرتے ہوئے اپنی تشویش کا اطہار بھی کرتے دکھائی دیے۔

اسد عمر نے اپنی ٹویٹ میں خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں واقع تخت بھائی کے جس مقام کا ذکر کیا ہے یہ پاکستان میں عالمی ورثہ قرار دیے گئے چھ مقامات میں سے ایک ہونے کے ساتھ ساتھ بدھ ازم کی تاریخ کے حوالے سے برصغیر میں سب سے زیادہ محفوظ حالت میں موجود خانقاہ تصور کی جاتی ہے۔

شیئر: