میلے میں دنیا کی بڑی بین الاقوامی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں (فوٹو:عرب نیوز)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بچوں کے کھلونوں کا دنیا کا سب سے بڑا میلہ جاری ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض سیزن 2021 کے تحت یہ میلہ ’ایکسپلور، پلے اینڈ شاپ‘ کے عنوان سے منعقد کیا گیا ہے، جس میں کھلونے بنانے والی دنیا کی سب سے نمایاں کمپنیاں شریک ہیں۔ ان کمپنیوں میں ڈزنی، میٹل گیمز، ہیسبرو، ٹوئے برو، مون بگ اور ایم جی اے گیمز شامل ہیں۔
12 نومبر سے 21 نومبر تک جاری رہنے والے اس میلے میں شرکت کرنے والوں کو 19 بین الاقوامی برانڈز سے متعلق معلومات حاصل کرنے کا موقع ملے گا جو پ500 سے زیادہ نئی گیمز لانچ کر چکے ہیں۔
سعودی عرب کی مشہور کھلونوں کی کمپنی ’حیاتی گرل‘ کی منتظم سارہ اسد نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ان کی کمپنی نے اس میلے میں سات ایسے مقامات ترتیب دیے ہیں، جن میں داخل ہو کر بچیوں کو محسوس ہوگا کہ جیسے وہ بھی ایک شہزادیاں ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’چار ایسے کارنرز ترتیب دیے ہیں، جہاں بچیاں اپنے ہاتھوں سے آرائشی چیزیں تیار کر سکتی ہیں، ایک کارنر میں پارلر ہے جہاں وہ خود نیل پالش لگا سکتی ہیں اور شہزادیوں والا تاج بھی پہن سکتی ہیں، جبکہ ایک کارنر ایسا ہے، جہاں وہ شہزادیوں والے ملبوسات پہن سکتی ہیں اور اپنی تصویریں کھینچ سکتی ہیں۔‘
سارہ اسد کے مطابق ’وی آئی پی ٹکٹ رکھنے والوں کو ان کارنرز تک جلد رسائی مل جاتی ہے، جبکہ ہر کارنر میں 10 سے 15 منٹ کا وقت گزارنے کی اجازت ہے۔
عالمی سطح پر سب سے نمایاں برانڈز کی جانب سے صارفین کو محفوظ تفریحی مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔
ہر کارنر میں کسی نہ کسی مشہور کارٹون کردار کو پیش کیا گیا ہے، جیسا کہ کوکو ملون، سونک، پیپا پگ جبکہ بچوں کی پسندیدہ ڈزنی فلم فروزن کے مختلف کردار بھی میلے میں بچوں کی تفریح کے لیے موجود ہیں۔
اس میلے میں مشہور شخصیات اور عالمی سطح پر نامور یوٹیوبرز جیسے بلپی، موشایا خاندان اور ایناسلا خاندان بھی لائیو شو کر رہے ہیں۔
شام سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ راشا رزق کے کنسرٹ کا اہتمام بھی اس میلے میں کیا گیا ہے۔ کنسرٹ میں شریک نوجوانوں اور فیملیز کی پرانی یادیں تازہ ہو گئیں، جب گلوکارہ نے مشہور کارٹون چینل سپیس ٹون کی گانے گائے۔
لبنان سے تعلق رکھنے والی مریم شوباہ نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ان کا چار سالہ بچہ کرسٹوفر کارٹون کردار بلپی کو دیکھ کر بہت زیادہ خوش ہوا۔‘
ان کے مطابق ’میں اس بڑے اور خوبصورت میلے کے لیے سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، جو بچوں اور سب سے کے لیے بہت ساری گیمز سے بھرا ہوا ہے۔ ہمیں یہاں بہت مزہ آ رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’16 سال پہلے جب ہم یہاں آئے تھے تب سے ریاض میں چیزیں بہت مختلف اور خوبصورت ہو گئی ہیں۔ اس سے دور رہتے ہوئے بھی میں ریاض کو اپنا گھر سمجھتی ہوں۔‘
میلے میں شریک ہونے والے افراد یہاں موجود مقامی اور بین الاقوامی برانڈز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بچوں کے کھلونے کم قیمت پر خرید سکتے ہیں۔
ریاض ٹوئے میلہ ریاض سیزن کے 14 زونز میں سے ریاض فرنٹ میں منعقد کیا گیا ہے۔ اس میلے میں شرکت کے لیے ٹکٹ ریاض سیزن کی ایپ یا ویب سائٹ سے خریدا جا سکتا ہے۔