سعودی قیادت کی طرف سے سلطان عمان اور شاہ مراکش کے نام تہنیتی پیغامات
’سعودی قیادت نے عمان اور مراکش کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق کو یوم الوطنی پر اوراور شاہ مراکش محمد ششم کو یوم آزادی پر مبارکباد پیش کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی قیادت نے دونوں ممالک کے رہنماؤں کو الگ الگ تہنیتی پیغامات بھیجے ہیں۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے سلطان ہیثم بن طارق کو یوم الوطنی کی مبارکباد دیتے ہوئے عمانی قیادت اور عوام کے لیے نیک جذبات کا اظہار کیا ہے۔
اسی سے ملتا جلتا پیغام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی سلطان عمان کے نام روانہ کیا ہے جس میں عمان کے لیے مزید ترقی کی امید ظاہر کی گئی ہے۔
دوسری طرف خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے یوم آزادی کا تہنیتی پیغام دینے کے لیے شاہ مراکش محمد ششم کو بھی مکتوب روانہ کیا ہے۔
شاہ سلمان نے مراکشی عوام اور حکومت کے لیے مزید ترقی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
اسی طرح کا پیغام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی شاہ محمد ششم کے نام روانہ کیا ہے جس میں مراکشی حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔