1400 سعودی شہری کانکنی کے شعبے میں سپر وائزر تعینات کیا جائے گا
تربیتی پروگرام کے لیے اندراج کیا جا رہا ہے(فوٹو ٹوئٹر)
سعود ی وزارت صنعت و معدنیات نے کہا ہے کہ 1400 سعودی کانکنی کے شعبے میں کام کرنے والوں کو سپر وائزکریں گے۔ انہیں انچارج کے طور پر تعینات کیا جائے گا۔ تربیتی پروگرام کے لیے اندراج کیا جا رہا ہے۔
الوطن اخبار کے مطابق سعودی شہریوں سے آن لائن درخواستوں کی وصولی شروع کردی گئی ہے۔
نائب وزیر صنعت و معدنیات خالد المدیفر نے کہا کہ مملکت میں کانکنی کا شعبہ ترقی کررہا ہے۔ سعودی حکومت اس حوالے سے نوجوانوں کی سرپرستی کررہی ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر کے سرمایہ کار بھی نوجوانوں کو حوصلہ دے رہے ہیں۔ کانکنی کے شعبے کے کئی اہداف ہیں۔ اسے قومی صنعت کا تیسرا ستون بنانے کی کوشش ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعدد کمپنیوں نے سعودی نوجوانوں کو کانوں میں ملازمت فراہم کرنے کے لیے معاہدوں پر دستخط کردیے ہیں۔
انہوں نے سرمایہ کاروں سے کہا کہ وہ کانکنی کے مراکز کے اطراف واقع آبادیوں کو بھی ترقی دیں۔ اس حوالے سے بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
وزارت صنعت و معدنیات نے سعودی شہریوں سے کہا کہ جو لوگ اس شعبے میں قسمت اّزمانا چاہتے ہوں وہ پہلی فرصت میں اندراج کرائیں انہیں تربیتی پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا۔
وزارت صنعت و معدنیات نے سال رواں کے وسط میں خصوصی پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت کانکنی کے شعبے میں سعودی شہریوں کے لیے مختلف ملازمتیں مہیا ہوں گی۔