امریکی آئین کی نایاب دستاویز چار کروڑ 30 لاکھ ڈالر میں نیلام
برطانیہ کے نیلام گھر سوتھ بیز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی تاریخی دستاویز کی چار کروڑ بتیس لاکھ ڈالر میں نیلامی ایک ورلڈ ریکارڈ ہے (فوٹو: روئٹرز)
برطانیہ کے مشہور نیلام گھر سوتھ بیز میں امریکی آئین کی انتہائی نایاب اصل دستاویز چار کروڑ تیس لاکھ ڈالر میں بیچ دی گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نیلام کی گئی یہ آئینی دستاویز بچ جانے والی صرف گیارہ کاپیوں میں سے ایک ہے جس پر 17 ستمبر 1787 کو فلاڈیلفیا کے آزادی ہال (انڈیپنڈنس ہال) میں امریکہ کے بانی جارج واشنگٹن، بینجمن فرینکلن اور جیمز میڈیسون نے دستخط کیے تھے اور اسی سال اس کی منظوری دی گئی تھی۔
بولی جیتنے والے شخص کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی۔
کنسورشیم نے بتایا کہ کرپٹوکرنسی کے سرمایہ کاروں کے ایک گروپ نے دستاویز خریدنے کے لیے چار کروڑ ڈالر کی بولی لگائی تھی تاہم وہ اسے حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
برطانیہ کے نیلام گھر سوتھ بیز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’کسی تاریخی دستاویز کی کمیشن سمیت چار کروڑ بتیس لاکھ ڈالر میں نیلامی ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔‘
قدیم کتب کے ماہر سیلبے کیفر نے ستمبر میں کہا تھا کہ ’شاید یہ کاپی دستخط کرنے کی تقریب کے موقع پر چھاپی گئی 500 کاپیوں کے ایڈیشن کا حصہ ہے۔‘