امیر کویت نے شیخ صباح الخالد کو دوبارہ وزیراعظم مقرر کر دیا
امیر کویت نے شیخ صباح الخالد کو دوبارہ وزیراعظم مقرر کر دیا
منگل 23 نومبر 2021 21:02
شیخ صباح نے 8 نومبر کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ (فوٹو العربیہ)
کویت کے وزیراعظم شیخ صباح الخالد کو دوبارہ وزیر اعظم مقرر کر دیا گیا ہے۔ امیر کویت کی جانب سے ان کی تقرری کے ساتھ انہیں نئی کابینہ تشکیل دینے کا کام سونپا گیا ہے۔
عرب نیوزکے مطابق کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی کونا نے منگل کو بتایا ہے شیخ صباح جو 2019 کے اواخر سے وزیراعظم تھے انہیں ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الصباح کے جاری کردہ ایک حکم نامے پر دوبارہ تعینات کیا گیا ہے جب کہ 8 نومبر کو منتخب پارلیمنٹ کے ساتھ شیخ صباح نے اپنےعہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
امیر کویت شیخ نواف الاحمد الصباح نے گزشتہ ہفتے عارضی طور پر اپنی کچھ اہم آئینی ذمہ داریاں اپنے نامزد جانشین ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الصباح کو سونپ دی تھیں،ان ذمہ داریوں میں وزیراعظم کو نامزد کرنا اور کابینہ کا حلف لینا شامل ہے۔
امیرکویت نے حکومت اور اپوزیشن کے قانون سازوں کے درمیان ایک ماہ سے جاری تعطل ختم کرنے کے اقدامات کے تحت یہ استعفیٰ قبول کیا تھا۔ اس کے علاوہ سیاسی اختلاف کی تلافی کے لیے ایک معافی نامہ بھی جاری کیا گیا۔
عارضی استثنیٰ فراہم کیے جانے کے باوجود اپوزیشن کے متعدد پارلیمنٹ ارکان شیخ صباح سے مارچ میں ایک تحریک میں عالمی وبا کورونا اور کرپشن سے نمٹنے کے لیے اقدامات سمیت دیگر امور پر سوال اٹھانا چاہتے تھے۔
دریں اثنا رواں سال عالمی منڈی میں تیل کی بلند قیمتوں کی بدولت بہتری کی توقع کی جا رہی ہے جب کہ اس سے پہلے مالی سال 21-2020 میں کورونا وائرس کی وجہ سے بجٹ خسارہ جی ڈی پی کا 15.4 فیصد رہا۔
واضح رہے کہ کویت نے اپنی قانون ساز اسمبلی کو دیگر خلیجی ریاستوں میں ایسےعہدوں کے مقابلے میں زیادہ اختیارات دے رکھے ہیں۔
جس میں قانون پاس کرنے، وزراء سے سوال و جواب کرنے اور اعلیٰ سرکاری اہلکاروں کے خلاف عدم اعتماد کے ووٹ کا اختیار شامل ہے۔