Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں 2021 میں سب سے زیادہ کون سی ویڈیوز دیکھی گئیں؟

خدا اور محبت کی پہلی قسط پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو تھی۔ (فوٹو: جیو ٹی وی)
سال 2021 میں یوٹیوب پاکستان پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیوز میں تین پاکستانی ڈرامے سرفہرست ہیں۔
بدھ کو یو ٹیوب نے پاکستان سے متعلق ٹاپ ٹرینڈنگ ویڈیوز کی فہرست جاری کی ہے۔ اس لسٹ کے مطابق پاکستانی ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت‘ کے سیزن تھری کی پہلی قسط پاکستان میں 2021 میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیوز میں ٹاپ پر ہے۔
’خدا اور محبت‘ ڈرامے کے سیزن تھری کی پہلی قسط کو یوٹیوب پر اب تک سات کروڑ 86 لاکھ مرتبہ سے زیادہ دیکھا جاچکا ہے۔
اس لسٹ میں دوسرے نمبر پر ڈرامہ ’چپکے چپکے‘ کی آخری قسط ہے۔ اس ڈرامے کو یوٹیوب پر اب تک تین کروڑ 12 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔
یوٹیوب پر ٹاپ ٹرینڈ کرنے والی ویڈیوز کی لسٹ میں تیسرا نمبر ڈرامہ ’عشق ہے‘ کا ہے۔ اس ڈرامے کی پہلی قسط کو یوٹیوب پر اب تک ایک کروڑ 72 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھی جاچکی ہے۔
پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ کرنے والی مزید ویڈیوز میں کنڑ زبان میں بننے والی انڈین فلم ’پگارو‘، انڈین ڈرامہ ’طارق مہتا کا الٹا چشمہ‘ پنجابی زبان میں بننے والی انڈین فلم ’کڑیاں جوان باپو پریشان‘ اور ایک اور انڈین فلم ’مس انڈیا 2021‘ بھی شامل ہیں۔
پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی میوزک ویڈیوز
پاکستان میں یوٹیوب پر ٹرینڈ کرنے والی میوزک ویڈیوز کی فہرست میں سب سے اوپر پاکستانی ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت‘ کا گانا ہے جسے اب تک 16 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔
اس فہرست میں دوسرے نمبر پر انڈین گانا ’لٹ گئے‘ ہے جسے اب تک ایک ارب سے زائد بار دیکھا چکا ہے۔ یہ گانا گلوکار جوبن نوتیال نے گایا اور اسے عمران ہاشمی اور یکتی تھاریجا پر فلمایا گیا ہے۔
پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی میوزک ویڈیوز میں تیسرے نمبر پر انڈین گلوکاروں ہنی سنگھ اور نیہا ککڑ کا گانا ’سیاں جی ہے‘ جسے یوٹیوب پر اب تک 48 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔
اس فہرست میں پاکستانی ڈرامہ ’عشق ہے‘ کا ٹائٹل سونگ بھی شامل ہے جسے راحت فتح علی خان نے گایا تھا۔

شیئر: