غیرقانونی افراد کو منتقل کرنے والا سعودی گرفتار
غیرقانونی افراد کوپناہ دینے پر 15 برس قید اور10 لاکھ ریال جرمانہ مقرر ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
عسیر ریجن کے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ خمیس مشیط کمشنری میں غیر قانونی طورپر سرحد عبور کرکے آنے والے غیر ملکیوں کو نقل وحمل کی سہولت فراہم کرنے والے سعودی کو گرفتار کرلیا گیا ہےـ
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق ملزم اپنی گاڑی میں 16 غیر ملکیوں کو دوسرے شہر لے جارہا تھاجو سرحدی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مملکت میں داخل ہوئے تھےـ
گرفتار ہونے والے 16 غیر ملکیوں میں 14 یمنی جبکہ دو ایتھوپی باشندے شامل تھےـ غیرقانونی طورپر مقیم افراد کو ڈیپوٹیشن سینٹر بھجوا دیا گیا جبکہ انہیں نقل وحمل کی سہولت فراہم کرنے والے سعودی کو گرفتار کرکے اسکے خلاف غیر قانونی افراد کو نقل وحمل کی سہولت فراہم کرنے کا مقدمہ درج کرلیاگیاـ
پولیس ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ قانون کے مطابق سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرکے مملکت آنے والوں کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعاون کرنا قابل سزا جرم ہےـ
قانون کے مطابق ایسا کرنے پر 15 برس قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانہ کیا جاتا ہے علاوہ ازیں غیر قانونی افراد کو منتقل کرنے کے لیے جو گاڑی استعمال کی جاتی ہے اسے بھی بحق سرکار ضبط کرلیا جاتا ہے جبکہ غیرقانونی افراد کو پناہ دینے کے لیے انہیں جس مکان میں ٹہرایا جاتا ہے اسے بھی ضبط کرلیا جاتا ہےـ