ابشر میں نمایاں نمبر پلیٹ کی نیلامی آج سے شروع
جمعرات 23 دسمبر 2021 10:33
’نمایاں نمبروں کی حامل گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پلیٹوں کی نیلامی اتوار تک جاری رہے گی‘ ( فوٹو: سبق)
ابشر پورٹل پر نمایاں نمبر پلیٹ کی نیلامی کا آغاز آج جمعرات سے ہوگا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق نمایاں نمبروں کی حامل گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پلیٹوں کی نیلامی اتوار تک جاری رہے گی۔
محکمہ ٹریفک اور ابشر انتظامیہ کے تعاون سے ہونے والی نیلامی اپنے تیسرے سیزن میں ہے جہاں اس سے پہلے دو مرتبہ اس طرح کی کامیاب نیلامیاں ہوچکی ہیں۔
گزشتہ نیلامی میں خصوصی نمبر پلیٹوں کی فروخت پر 80 سے زیادہ بولیاں لگی تھیں جبکہ سب سے بڑی بولی تین لاکھ 50 ہزار ریال کی تھی۔
محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ’نیلامی میں شرکت کرنے کے خواہشمندوں کے لیے پلیٹ فارم کھلا ہے جہاں وہ اپنی پسند کی نمبر پلیٹ پر بولی لگاسکتے ہیں‘۔
واضح رہے کہ نیلامی میں شرکت کے لیے ڈیسک ٹاپ کے ذریعہ ابشر اکاؤنٹ میں لاگ ان ہونا ہوگا۔