سعودی کی بروقت مداخلت نے پیٹرول پمپ کو بڑی تباہی سے بچا لیا
فیول ٹینکس میں آگ بھڑکنے اٹھنے کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی کا اندیشہ تھا(فوٹو، ٹوئٹر
سعودی شہری نے الجبیل میں جان ہتھیلی پر رکھ کر پٹرول سٹیشن کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہونے سے بچا لیا۔ مقامی شہری عمر کے چوتھے عشرے میں ہے ۔ پٹرول سٹیشن پر کھڑی گاڑی میں آگ لگ گئی تھی۔
اخبار 24 کے مطابق ’عبدالرحمن الشقا‘ پیٹرول سٹیشن پر آگ کے شعلوں میں گھری گاڑی کو سٹیشن سے نکال کر باہر لے گیا۔ اس میں لگی آگ بجھانے کی کوششیں ناکام ہو گئی تھیں ۔ گاڑی میں موجود آگ بجھانے والے سلنڈر اور پٹرول سٹیشن پر موجود سلنڈرز سے آگ بجھانے کی کوشش کی گئی ۔
شہری آگ کے شعلوں میں گھری گاڑی کو اپنی گاڑی سے باندھ کر پٹرول سٹیشن کے باہر لے گیا۔ گاڑی فیول ٹینکس کے قریب کھڑی ہوئی تھی اور اس وقت وہاں پٹرول بھروانے کےلیے آنے والے شہری اور مقیم غیر ملکی بھی اچھی خاصی تعداد میں تھے۔
اگر گاڑی کو اسی طرح جلتے ہوئے چھوڑ دیا جاتا تو اس سے فیول ٹینکس میں آگ بھڑکنے اٹھنے کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی کا اندیشہ تھا۔
یاد رہے کہ الشقاقدرتی آفات سے دوچار افراد اور لاپتہ لوگوں کی تلاش اور انہیں بچانے والی رضاکاروں کی ٹیم کا ممبر ہے۔ وہ مذکورہ حادثے کے موقع پر پٹرول سٹیشن آیا ہوا تھا ۔ اس کی موجودگی سب کے لیے رحمت کا باعث بن گئی۔