انڈیا میں چار ٹانگوں والے لڑکے کا کامیاب آپریشن
ڈاکٹر کرشنا نے بتایا کہ اتر پردیش کے علاقے بالیا سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ لڑکے کو 28 جنوری کو ہسپتال کی او پی ڈی میں لایا گیا تھا۔ (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈاکٹروں نے چار ٹانگوں کے ساتھ پیدا ہونے والے ایک 17 سالہ لڑکے کا کامیاب آپریشن کیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اس لڑکے کی اپنی دو ٹانگوں کے علاوہ اس کی دو ٹانگیں پیٹ سے جڑی ہوئی تھیں۔
ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ اس طرح کی سرجری اس ہسپتال میں پہلی دفعہ ہوئی ہے۔
آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے شعبہ سرجری کے ایڈیشنل پروفیسر ڈاکٹر اسوری کرشنا نے کہا کہ ایسے کیسز طبی طور پر ’نامکمل پیراسٹک جڑواں بچوں‘ کے نام سے جانے جاتے ہیں، اور ایسا مسئلہ ایک کروڑ لوگوں میں صرف ایک بار ہوتا ہے۔
اس بیماری میں جب کوئی خاتون حاملہ ہوتی ہے اور اس کے پیٹ میں جڑواں بچے ہوتے ہیں لیکن ان میں سے ایک کا جسم نشونما نہیں پاتا اور اس کے اعضا دوسرے بچے کے فریم سے جڑ جاتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دنیا بھر میں آج تک چار ٹانگوں والے افراد کے صرف 42 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر کرشنا نے بتایا کہ اتر پردیش کے علاقے بالیا سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ لڑکے کو 28 جنوری کو ہسپتال کی او پی ڈی میں لایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کا پیٹ کپڑے سے ڈھکا ہوا تھا اور اس کے نیچے دو ٹانگیں لٹک رہی تھیں۔
آپریشن کرنے والے ڈاکٹروں کی ٹیم کے مطابق دو اضافی ٹانگوں کی وجہ سے نوجوان کا جسم ٹھیک سے بڑھ نہیں پا رہا تھا جس کی وجہ سے اس کے دیگر اعضا کو بھی نقصان پہنچ سکتا تھا۔