Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی ’ون ڈے پلیئر آف دا ایئر‘ کے لیے بابر اعظم بھی نامزد

اس سال بابر اعظم نے چھ ون ڈے میچوں میں 405 رنز بنائے ہیں۔ (تصویر: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مردوں کی کیٹیگری میں ’ون ڈے پلیئر آف دا ایئر‘ ایوارڈ کے لیے پاکستان کے کپتان بابر اعظم سمیت چار کھلاڑیوں کو نامزد کیا ہے۔
نامزد کیے جانے والے دیگر کھلاڑیوں میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، جنوبی افریقہ کے جانمن ملان اور آئرلینڈ کے پال سٹرلنگ شامل ہیں۔
بابر اعظم نے سال 2021 میں صرف چھ میچز کھیل کر 67.50 کی اوسط سے 405 رنز بنائے ہیں جن میں دو سینچریاں بھی شامل ہیں۔
بنگلہ دیش کے شابق کپتان شکیب الحسن نے اس سال نو میچز کھیل کر 39.57 کی اوسط سے 277 رنز بنائے اور 17 وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ کے جانمن ملان نے اس سال آٹھ میچ کھیلے اور دو سینچریوں اور دو نصف سینچریوں کی مدد سے 84.83 کی اوسط سے 509 رنز بنائے ہیں۔
آئرلینڈ کے کھلاڑی پال سٹرلنگ 705 رنز کے ساتھ 2021 کے ٹاپ سکور رہے۔ انہوں نے 2021 میں افغانستان کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز میں وہ آئرلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ 285 رنز بنانے والے بیٹسمین تھے۔
اس سیریز میں انہوں نے متحدہ عرب امارات میں افغانستان کے خلاف دو سینچریاں بھی سکور کی تھیں۔
آئی سی سی کی ووٹنگ اکیڈمی جس میں کرکٹ کے بین الاقوامی صحافی اور براڈکاسٹرز شامل ہیں ووٹنگ کے ذریعے ون ڈے پلیئر آف دا ایئر کا انتخاب کریں گے۔
آئی سی سی اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے کرکٹ مداحوں کو بھی ووٹنگ کا حق دے گا اور ٹیسٹ پلیئر آف دا ایئر کے انتخاب کے وقت مداحوں کے ووٹوں کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔

شیئر: