Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے سب سے زیادہ مریض کہاں، کیا تعداد میں اضافہ ہوگا؟

’سب زیادہ ریاض میں اندراج ہوا ہے جہاں مریضوں کی تعداد 799 ہے، دوسرے نمبر پر جدہ ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں گزشتہ 17 ماہ میں کورونا کے مریضوں میں ریکارڈ اضافہ درج ہواہے جس کے مطابق روزانہ تعداد بڑھ کر 2585 ہوگئی ہے جبکہ وزیر صحت نے آئندہ دنوں میں مریضوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق آج مریضوں کی تعداد کل پیر کی تعداد کے مقابلے میں 48 فیصد زیادہ ہے۔
کورونا کے روزانہ مریضوں کی تاریخ کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوگا کہ 18 جولائی 2020 کو جب وبا اپنے عروج پر تھی اس وقت مریضوں کی تعداد 2565 تھی۔
وزارت صحت کی طرف سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ سب زیادہ ریاض میں اندراج ہوا ہے جہاں مریضوں کی تعداد 799 ہے۔
دوسرے نمبر پر جدہ ہے جہاں 512 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا ہے ۔
اسی طرح مکہ مکرمہ میں 378 مریض ہیں، مدینہ منورہ میں 115، الہفوف میں 109 جبکہ دمام میں 107 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
الخبر میں 39، رابغ میں 27، ظہران میں 27، ابہا میں 25 اور خلیص میں 24 مریض ہیں۔

’ہسپتالوں میں جن مریضوں کی حالت نازک ہے انہوں نے یا تو ویکسین نہیں لگوائی یا دو خوراکیں مکمل نہیں کیں‘ ( فوٹو: المواطن)

اسی طرح المبرز، عرعر، الخرج، طائف، ینبع، الکامل، بریدہ، نجران، ثول، الجبیل، القطیف، المجمعہ، الرس اور جازان میں بھی مریضوں کا اندراج ہوا ہے۔
دوسری طرف وزیر صحت فہد الجلاجل نے کہا ہے کہ ’آئندہ دنوں میں کورونا کے مریضوں میں اضافے کی توقع ہے‘۔
انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ میں کہا ہے کہ ’کورونا کی روزانہ تعداد کا جائزہ لینے سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا‘۔
انہوں نے کورونا ویکسین کے بارے میں اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ویکسین کے باعث مریضوں میں کورونا کی علامتیں انتہائی محدود ہوگئی ہیں جبکہ ہسپتالوں سے رجوع کرنے والے مریضوں کی تعداد کم ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ہسپتالوں میں جن مریضوں کی حالت نازک ہے ان کا تعلق ان افراد سے ہے جنہوں نے یا تو ویکسین نہیں لگوائی یا دو خوراکیں مکمل نہیں کیں‘۔

شیئر: