Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات نے سلامتی کونسل میں دوسالہ رکنیت کے لیے نشست سنبھال لی

 امارات آئندہ  سال  میں دو بار سلامتی کونسل کی صدار ت بھی کرے گا۔(فوٹو عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات نے گذشتہ روز بدھ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنی دوسری مدت کے لیے آئندہ  دو سال کے لیے غیرمستقل رکن کے طور پرعہدہ سنبھال لیا ہے۔
امارات کی نیوز ایجنسی وام کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے عالمی ادارے کے ساتھ  بہترین مقاصد اور ایجنڈے میں امن عمل کو محفوظ بنانا، سلامتی کونسل میں اپنی شمولیت کو مزید بڑھانا اور جدت پسندی کو فروغ دینا شامل ہے۔
متحدہ عرب امارات کو البانیہ، برازیل، گبون اور گھانا کے ساتھ جون میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2022-2023 کی مدت کے لیے15 رکنی کونسل کے غیرمستقل ارکان کے طور پر کام کرنے کے لیے منتخب کیا تھا۔
اقوام متحدہ میں متحدہ عرب  امارات کی مستقل نمائندہ لنا نصیبہ نے اس موقع پر کہا ہے کہ سلامتی کونسل میں متحدہ عرب امارات کا طرزعمل اس بات کی عکاسی کرے گا کہ ہم بحیثیت ایک ملک اورعوام کون ہیں، ہم اس  یقین کے ساتھ پرعزم ہیں کہ ہم مضبوط اور متحد ہیں۔ سفارتکاری مختلف نظریات کو تلاش کرنا اور اتفاق رائے کی طرف ایک راستہ طے کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نظریات کی ہم آہنگی اور متفقہ کونسل کی آواز کو آگے بڑھائیں گے تاکہ اس کے فیصلوں کو وسیع ترممکنہ حمایت کے ساتھ پورا کیا جا سکے۔
لنا نصیبہ نے کہا کہ  ہم سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کی وسیع رکنیت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی منتظر ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2022-2023 کے لیے منتخب کیا تھا۔ (فوٹو عرب نیوز)

متحدہ عرب امارات سلامتی کونسل میں عرب ممالک کی نمائندگی کرے گا اور اس کے آئندہ پروگرام میں علاقائی تنظیموں جیساکہ عرب لیگ اور افریقی یونین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانا بھی شامل ہے۔
متحدہ عرب امارات نے سلامتی کونسل میں خواتین، امن و سلامتی، موسمیاتی تبدیلی اور امن کو فروغ دینے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت متعدد دیگر مسائل بشمول انسداد دہشت گردی اور کورونا  کے مسائل کو حل کرنے کا عزم کیا ہے۔
اپنی دو سالہ مدت کے دوران متحدہ عرب امارات  آئندہ  سال مارچ اور جون میں دو بار سلامتی کونسل کی صدار ت بھی کرے گا جہاں وہ ایجنڈا طے کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی کرے گا۔
 

شیئر: