عرب اتحاد نے یمن کو آزاد کرانے کے لیے بڑے آپریشن کا اعلان کردیا
شبوہ کی بازیابی میں عرب اتحاد کی مدد قابل قدر ہے- (فوٹو العربیہ)
عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان بریگیڈیئر ترکی المالکی نے جنوبی یمن کے معروف علاقے شبوہ میں منگل کو پریس کانفرنس کی- انہوں نے پورے یمن کو آزاد کرانے کے آپریشن کا اعلان کردیا- اس موقع پر شبوہ کے گورنر عوض العولقی بھی موجود تھے-
سبق ویب سائٹ کے مطابق المالکی نے کہا کہ ’یہ بڑا تاریخی لمحہ ہے- شبوہ کا چپہ چپہ حوثیوں سے اّزاد کرالیا گیا ہے‘-
بریگیڈیئر المالکی نے کہا کہ ’شبوہ کو آزاد کرانے کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا گیا ہے- نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں‘-
شبوہ کے گورنر عوض العولقی نے ’عرب اتحاد برائے یمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شبوہ کی بازیابی میں عرب اتحاد کے فضائیہ کی مدد قابل قدر ہے‘-
المالکی نے کہا کہ ’آج صبح سے ہم ہر محاذ پر عسکری آپریشن کا اعلان کرتے ہیں- یہ عسکری زبان والا خالص آپریشن نہیں ہوگا بلکہ یمن کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے والا آپریشن ہوگا- یمن تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں خلیجی ممالک کے ہمسر بن جائے گا‘-
شبوہ کے گورنر عوض نے کہا کہ ’ہم بڑے فخر کے ساتھ یہ اعلان کررہے ہیں کہ شبوہ کا چپہ چپہ آزاد ہوچکا ہے‘-
المالکی نے کہا کہ ’حوثیوں کی خلاف ورزیاں ڈھکی چھپی نہیں ہیں سب کی نظروں میں ہیں- ہمارے پاس ٹھوس ثبوت ہیں کہ ایران حوثیوں کو اسلحہ سمگل کررہا ہے‘-
المالکی نے توجہ دلائی کہ ’ایک وڈیو کے بارے میں چہ میگوئیاں ہورہی ہیں مغالطہ آمیز انداز سے یہ ہماری جانب سے جاری کردی گئی- ہم اپنی اس غلطی کو تسلیم کرتے ہیں- ہم ابلاغی عمل ہو یا عسکری آپریشن ہر معاملے میں اعتبار اور شفافیت برقرار رکھنےکے لیے پرعزم ہیں‘-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں