Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا کی شدت، کیسز کی تعداد تین ہزار 500 سے متجاوز

این سی او سی کے مطابق تین ہزار 567 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ سات افراد ہلاک ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا میں ایک بار پھر شدت دیکھنے میں آ رہی ہے اور ہر روز مثبت کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ 
جمعے کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کووڈ 19 کے مثبت کیسز کی تعداد تین ہزار 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق تین ہزار 567 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ سات افراد اس وبا کا شکار ہو کر ہلاک ہوئے ہیں۔
اس وقت کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 7.36 فیصد ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کورونا ویکسینیشن کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔ کورونا کیسز پھر تیزی سے بڑھنا شروع ہو گئے ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔‘
کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر سکولوں کی ممکنہ بندش کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کا اومی کرون ویریئنٹ پاکستان میں تیزی سے پھیلنا شروع ہو گیا ہے، مثبت کیسز کی شرح 1.8 فیصد ہو گئی ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران اسد عمر نے کہا تھا کہ اومی کرون کے حوالے سے اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ یہ زیادہ مہلک نہیں ہے۔
انہوں نے پاکستانی عوام پر زور دیا تھا کہ اگر کسی وجہ سے ویکسین نہیں لگوائی تو فوری طور پر لگوائیں۔ پاکستان میں بھی شواہد ملے ہیں کہ 12، 14 اور 15 سال کے بچوں میں بھی اومی کرون پایا گیا ہے۔

شیئر: