سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں تھائی لینڈ کے وزیراعظم و وزیر دفاع جنرل برایوت چن اوچا نے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور تھائی لینڈ کے وزیراعظم نے سرکاری مذاکرات میں دونوں دوست ملکوں کی باہمی دلچسپی کے مفادات اور متعدد مسائل پر نکتہ ہائے نظر کا تبادلہ کیا ہے۔

اس موقع پر وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد ، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود، وزیر نیشنل گارڈز شہزادہ عبداللہ بن بندر، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت و رکن کابینہ و مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مساعد العیبان ، وزیر تجارت و قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی اور وزیر افرادی قوت وسماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی معاونت کے لیے موجود تھے۔
تھائی لینڈ کی طرف سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، نائب وزیر اعظم و وزیر توانائی، وزیر محنت اور مملکت میں تھائی لینڈ کے ناظم الامور نے اپنے وزیراعظم کی معاونت کی۔
#فيديو_واس | سمو #ولي_العهد يستقبل رئيس الوزراء وزير الدفاع في مملكة تايلند ويعقدان جلسة مباحثات رسمية.#رئيس_وزراء_تايلند_في_الرياض #واس pic.twitter.com/0om5vBFCJ9
— واس الأخبار الملكية (@spagov) January 25, 2022
سعودی ولی عہد نے اپنے تھائی مہمان اور ان کے ہمراہ آئے وفد کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا۔ تھائی وزیر اعظم کو گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔
قبل ازیں ولی عہد کی دعوت پر تھائی وزیر اعظم سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تو کنگ خالد انٹر نیشنل ایئرپورٹ ان کا استقبال نائب گورنر ریاض شہزادہ محمد بن عبد الرحمن بن عبد العزیز، وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی اور دیگر حکام کے علاوہ تھائی سفارتخانے کے عملے نے کیا۔
سعودی عرب اور تھائی لینڈ کا مشترکہ اعلامیہ
تھائی لینڈ کے وزیراعظم کے دورے کے اختتام پر مملکت اور تھائی لینڈ نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق فریقین نےمکمل سفارتی تعلقات کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے۔ مملکت اور تھائی لینڈ مستقبل قریب میں اپنے سفرا نامزد کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔
