اداکارہ شویتا تیواری کے خلاف ’ہندوؤں کے جذبات مجروح کرنے‘ پر مقدمہ درج
جمعہ 28 جنوری 2022 11:31
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
اداکارہ پر ہندوؤں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کا الزام ہے۔ (تصویر: فیس بک)
انڈین ریاست مدھیہ پردیش کے وزیرداخلہ نے اداکارہ شویتا تیواری کے ایک متنازع بیان پر تحقیقات کا حکم جاری کردیا ہے اور بھوپال کے پولیس کمشنر سے اگلے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔
انڈین چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق شویتا نے اپنی ایک ویب سیریز کے حوالے سے تقریب میں ایک متنازع بیان جاری کیا تھا جس کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ وہ ہندوؤں کے جذبات کو مجروح کرنے کا باعث بنے۔
انڈین میڈٰیا کے مطابق اداکارہ کے بیان کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا وائرل ہوئی ہے۔ ان کے خلاف بھوپال کے ایک تھانے میں باقاعدہ تعزیرات ہندوستان کی دفعہ 295 اے کے تحت ایک مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔
مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ ’میں نے ان کا بیان سنا ہے اور میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔‘
’میں نے بھوپال کے پولیس کمشنر کو تحقیقات کا حکم دیا ہے اور 24 گھنٹوں میں رپورٹ کرنے کا کہنا ہے۔ اس کے بعد ہم دیکھیں گے کہ کیا ایکشن لیا جاسکتا ہے۔‘
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ شویتا کو ایسا بیان ایک عوامی تقریب کے دوران نہیں دینا چاہیے تھا۔
دیگر صارفین لوگوں سے ان کی ویب سیریز کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
شویتا تیواری انڈیا کے ساتھ پاکستان میں بھی مشہور ہیں۔ انہوں نے انڈین ڈرامے ’کسوٹی زندگی کی‘ میں پریرنا کا مرکزی کردار نبھایا تھا جو کہ 2000 کی دہائی میں پاکستان میں بھی کافی مقبول ہوا تھا۔