Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی سکیورٹی ضروریات کی حمایت کرتے ہیں: اسرائیلی صدر

2020 میں متحدہ عرب امارات اور بحرین نے امریکہ کی ثالثی میں وائٹ ہاؤس میں امن کے لیے اسرائیل کے ساتھ ’ابراہام ایکورڈز‘ نامی معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔ (فوٹو: جی پی او)
اسرائیلی صدر نے کہا ہے کہ ان کا ملک متحدہ عرب امارات کی سکیورٹی ضروریات کی حمایت کرتا ہے اور مضبوط علاقائی تعلقات کا خواہاں ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق اتوار کو متحدہ عرب امارات پہنچنے والے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کا یہ خلیجی ملک کا پہلا دورہ ہے۔
ان کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب عالمی طاقتیں ایران کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کی کوششں کر رہی ہیں۔
سنہ 2020 میں متحدہ عرب امارات اور بحرین نے امریکہ کی ثالثی میں وائٹ ہاؤس میں امن کے لیے اسرائیل کے ساتھ ’ابراہام ایکورڈز‘ نامی معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔
دونوں خلیجی ممالک اور اسرائیل خطے میں ایران اور اس کے اتحادیوں سے متعلق مشترکہ طور پر خدشات کا اظہار کرتے ہیں۔
اسحاق ہرزوگ نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کے ساتھ سکیورٹی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
خیال رہے کہ یمن کی ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جانب سے گذشتہ 14 دنوں میں متحدہ عرب امارات پر دو بار ڈرون اور میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔
اسرائیلی صدر کے دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے ملاقات میں کہا کہ ’ہم آپ کی سکیورٹی کے تقاضوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور دہشت گرد گروہوں کی طرف سے آپ کی خودمختاری پر کسی بھی قسم کے حملے کی ہر قسم اور زبان میں مذمت کرتے ہیں۔‘
شیخ محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ ’اسرائیل اور متحدہ عرب امارات علاقائی استحکام اور امن کو درپیش خطرات، خاص طور پر ملیشیاؤں اور دہشت گرد قوتوں سے لاحق خطرات کے بارے میں مشترکہ نقطہ نظر رکھتے ہیں۔‘

اسحاق ہرزوگ نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کے ساتھ سکیورٹی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ (فوٹو: ایسوسی ایٹڈ پریس)

انہوں نے اسرائیلی صدر سے اپنی ملاقات کے حوالے سے ٹویٹ میں کہا کہ ’آج میری ابوظہبی میں اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ سے ملاقات ہوئی ہے۔‘
’ہم نے اپنے دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے علاقائی مسائل اور اپنے دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور دوستی کے پُل بنانے کے لیے مزید مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔‘
واضح رہے کہ اسرائیل میں صدر کے عہدے کا کردار زیادہ تر رسمی ہی ہے۔ اسرائیل کے صدر سے قبل دسمبر میں وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے بھی متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا۔
امارات نیوز ایجنسی کے مطابق صدر اسحاق ہرزوگ نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ اور دوسرے حکام سے بھی ملاقات کی۔ وہ امارات میں موجود یہودی برادریوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

شیئر: