سعودی وزیر خارجہ کا عراقی ہم منصب سے رابطہ، علاقائی امن وسلامتی پر گفتگو
عراق اور سعودی عرب کے تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نےاتوار کوعراقی ہم منصب ڈاکٹر فواد محمد حسین سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عراق اور سعودی عرب کے تعلقات، دونوں ملکوں اور ان کے برادرعوام کے مفادات میں معاون طریقوں اور تعلقات کو عروج کی نئی منزلوں تک لے جانے کا جائزہ لیا۔
سعودی اورعراقی وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امورمیں یکجہتی بڑھانے، خطے کے امن و استحکام اورعالمی امن و سلامتی کے تحفظ میں معاون امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔
دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی مسائل اور ان کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں پرموقف کا تبادلہ بھی کیا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ سے مراکشی ہم منصب کا رابطہ
علاوہ ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے اتوار کو مراکش کے وزیر امور خارجہ و افریقی تعاون ناصر بوریطہ نے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے ریاض میں ایکسپو 2030 کی میزبانی سے متعلق مملکت کی درخواست کی حمایت پر مراکشی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر مراکش اور سعودی عرب کے تعلقات اور دونوں برادر ملکوں اور ان کے عوام کے مفادات کے حصول کے لیے باہمی تعلقات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
علاوہ ازیں باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی حالات بھی زیر بحث آئے۔