ابوظبی شہر میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے: حکام
سرکاری خبر ایجنسی وام کے مطابق ’آگ بجھانے اور نقصان کو کم سے کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں‘ (فائل فوٹو: شٹر سٹاک)
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک دھماکے کی ویڈیو وائرل ہوئی جس کے بارے میں حکام نے ابتدائی طور پر بتایا کہ یہ گیس سیلنڈر کی وجہ سے ہوا۔
اس دھماکے کے بعد متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت کی حمدان سٹریٹ بند ہو گئی۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امارات فیفا کلب ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہا ہے۔
برازیل کے دو صحافی جو ایک میچ کی رپورٹنگ کے لیے وہاں موجود تھے، انہوں نے اس دھماکے کی اطلاع دی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے اس آگ کو ’ گیس سیلنڈر پھٹنے کا واقعہ‘ قرار دیا ہے اور حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
وام کے مطابق ’آگ بجھانے اور نقصان کو کم سے کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔‘
یہ واقعہ یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے پچھلے دنوں ابوظبی پر کیے گئے حملوں کے بعد پیش آیا ہے جن میں ایک تازہ ترین حملہ بھی شامل ہے جس میں تین افراد ہلاک جبکہ چھ زخمی ہو گئے تھے۔