کراچی: نادرا کے دفتر میں خاتون کے ساتھ نامناسب رویے پر افسر معطل
جمعہ 11 فروری 2022 15:51
زین علی -اردو نیوز، کراچی
ڈائریکٹر جنرل کرنل انیس کیانی نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عامر سراج کو معطل کیا ہے (فائل فوٹو: نادرا)
کراچی کے ضلع کورنگی میں نادرا سینٹر کے ایک اہلکار کو خاتون کے ساتھ نامناسب رویے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد معطل کردیا گیا ہے۔
سندھ میں نادرا کے ڈائریکٹر جنرل انیس کیانی نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ان کو عہدے سے ہٹا کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ڈی جی نادرا سندھ کا کہنا ہے کہ نادرا سینٹرز میں آنے والے عوام کے ساتھ نامناسب سلوک برادشت نہیں کیا جائے گا۔
کورنگی میں نادرا کے سینٹر پر شناختی کارڈ بنوانے کے لیے آنے والی خاتون سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے بدتمیزی کرتے ہوئے ان کا کیس آگے بڑھانے سے انکار کر دیا تھا۔
منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون کی جانب سے درخواست کی گئی کہ ان کے کیس پر عمل درآمد کیا جائے کیونکہ وہ گذشتہ 50 روز سے نادرا کے دفتر کے چکر لگا رہی ہیں۔
ویڈیو کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے خاتون سے کہا تھا کہ اگر وہ وزیراعظم پورٹل پر بھی شکایت کردیں تو بھی وہ کام نہیں کریں گے۔
اس تمام منظر کی ویڈیو نادرا دفتر میں موجود ایک شہری نے اپنے موبائل فون سے بنائی جس کے بعد یہ واقعہ رپورٹ ہوا۔
واضح رہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اس سے قبل بھی معطل ہوچکے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون کہہ رہی ہیں کہ ’50 دن سے چکر لگا رہی ہوں، جو دستاویزات مانگی گئیں وہ سب دے دی ہیں۔‘