پی ایس ایل کی غیرملکی میزبان ایرن ہالینڈ کے پاکستانی لباس کے چرچے
ہفتہ 12 فروری 2022 7:18
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
برطانوی شہزادی کیٹ میڈلٹن نے دورہ پاکستان کے موقع پر ایسا ہی لباس پہنا تھا۔
پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کے دوسرے مرحلے کے میچ لاہور میں جاری ہیں۔ ٹورنامنٹ میں جہاں کھیل اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا ذکر نمایاں ہے وہیں پی ایس ایل کے کمنٹیٹرز اور ان کا انداز بھی گفتگو کرنے والوں کا موضوع ہے۔
پی ایس ایل کے مبصرین کے پینل میں شامل ایرن ہالینڈ جہاں میدان میں کھلاڑیوں سے گفتگو کر کے کھیل سے متعلق ان کی رائے لیتی ہیں وہیں مختلف میچوں میں پاکستانی لباس میں اپنی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہی ہیں۔
آسٹریلوی خاتون میزبان کی ان تصاویر پر جہاں سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کیے وہیں میدان میں موجود ساتھی کمنٹیٹرز بھی اپنی رائے شیئر کرتے رہے ہیں۔
پی ایس ایل سیون کے حالیہ میچ میں ایرن ہالینڈ نے سفید شلوار قمیض زیب تن کیا تو کسی نے اسے برطانوی شہزادی کیٹ میڈلٹن کے دورہ پاکستان کے موقع پر منتخب کردہ لباس کے انداز سے مشابہہ قرار دیا تو کوئی لباس کی قیمت پر گفتگو کرتا رہا۔
ایرن ہالینڈ نے ٹوئٹر پر پاکستانی لباس میں تصویر شیئر کی تو ایک اور کمنٹیٹر زینب عباس کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’لباس ہو تو ایسا اور روز ہی ہو۔‘
خواتین کے لباس کا ذکر ہو تو یہ کم ہی ہوتا ہے کہ اس کے ڈیزائن کی انفرادیت اور قیمت زیر بحث نہ آئے۔ ایرن ہالینڈ کے معاملے میں بھی ایسا ہی ہوا تو کچھ صارفین ان سے ملتے جلتے لباس کی ایک تصویر اور اس کی قیمت شیئر کرتے رہے۔
ٹوئٹر ہینڈل بلاسم ہارٹ نے ایرن ہالینڈ کے لباس کے حوالے سے لکھا کہ ’وہ ہمارے قومی لباس میں بہت خوبصورت نظر آرہی ہیں۔‘
مائرہ احمد کہتی ہیں ’تمام خواتین پاکستان کے روایتی لباس میں بہت زیادہ خوبصورت لگتی ہیں۔‘
ٹوئٹر صارف لالا جی نے غیرملکی اور پاکستانی کمنٹیٹرز کے لباس میں موجود تضاد کی نشاندہی کرتے ہوئے اپنے تبصرے میں لکھا ’ پاکستانی پاکستان میں یورپ کا لباس پہن رہے ہیں جبکہ یورپ کی لڑکی نے پاکستانی لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔‘
ایرن ہالینڈ کا لباس ہی نہیں ان کی موجودگی اور شخصی خوبیاں گفتگو کا موضوع بنیں تو دیگر شائقین کے ساتھ ساتھ ساتھی کمنٹریٹرز بھی انہیں سراہتے دکھائی دیے۔
پی ایس ایل کمنٹریٹرز پینل میں موجود سابق خاتون کرکٹر ثنا میر نے ان کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کام بہترین حصہ وہ ہوتا ہے کہ آپ ان لوگوں سے ملیں جو دوسروں کو بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔‘