ابشر پر برمی باشندوں کے اقاموں کی تجدید کی سہولت، شرائط کیا ہیں؟
ابشر پر برمی باشندوں کے اقاموں کی تجدید کی سہولت، شرائط کیا ہیں؟
اتوار 13 فروری 2022 19:39
آجر برمی کارکن کے اقامے کی تجدید ازخود کرسکے گا ( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے مملکت میں مقیم برمی باشندوں کے اقاموں کی تجدید کی سہولت ابشر پر مہیا کی ہے۔
اس اقدام سے آسانی کے ساتھ وقت کی بچت ہوگی اور انہیں محکمہ پاسپورٹ کے دفاتر سے رجوع نہیں کرنا پڑے گا۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ آجر ’ابشر‘ اکاؤنٹ کے ذریعے اپنے برمی کارکن کے اقامے کی تجدید ازخود کرسکے گا۔
بیان میں محکمہ پاسپورٹ نے اقامے کی تجدید کے حوالے سے بتایا کہ آجر اقامے کی تجدید کا فارم پر کرکے مقیم برمی کی تصویر منسلک کرے۔
اقامے کے موثر دورانیے میں پاسپورٹ پیش کرنے کا اقرار نامہ ،اقامے کی فوٹو کاپی اور آجر کے قومی شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی بھی منسلک کرنا ہوگی۔
محکمہ پاسپورٹ نےمزید کہا کہ آجر کےابشر اکاؤنٹ کے ذریعے برمی کارکنان کے اقاموں کی تجدید کی سہولت تک رسائی ممکن ہوگی۔ اس کے لیے ’خدماتی‘ فہرست سے خدمات پھر تواصل سروس کا انتخاب کرنا ہوگا اس کے بعد نئی درخواست پیش کرکے ’مملکت ک اندر مقیمین‘ کی خدمات کی نشاندہی کرنا ہوگی۔
اس مرحلے کے بعد ذیلی خدمت ’برمیوں کے اقامے کی تجدید‘ کا انتخاب کرکے درخواست کا خلاصہ تحریر کرنا ہوگا۔ منسلک کاغذات کی فائل کا انتخاب کرکے درخواست دینا ہوگی۔