دمشق۔۔۔۔شام کے شمالی شہر خان شیخون میں منگل کو جو کیمیائی حملہ کیا گیا تھا اس میں ایک شامی شہری،9ماہ کی جڑواں بچوں آیا اور احمد سے بھی ہاتھ دھو بیٹھا ۔ حملے میں دونوں بچے اور چند عزیزو اقارب بھی ہلاک ہوگئے۔ امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی نے ویڈیو جاری کی جس میں غم زدہ باپ ان دونوں بچوں کو گود میں لئے بیٹھا ہے اور اپنے آنسو چھپاتے ہوئے کہہ رہا ہے ’’خداحافظ‘‘بچو!خدا حافظ‘‘29سالہ عبدالحمید الیوسف کا کہنا ہے کہ جب حملہ ہوا تو میں بچوں کے ساتھ بیٹھا تھاپھر میں انہیں گھر کے باہر والدہ کے پاس لے آیا۔حملے کے 10منٹ بعد عجیب سے بدبو پھیلی ۔ یہ دونوں جڑواں بچے اور میری اہلیہ دلال احمد بیہوش ہوگئیں۔ڈاکٹروں کو بلایا اور سمجھ رہا تھا کہ ٹھیک ہوجائیں گی اس کے بعد خاندان کے دیگر افراد کی خیریت دریافت کرنے گیا جہاں پتہ چلا کہ میرے 2بھائی 2بھتیجے، ایک بھتیجی، ہمسائے اور دوست زہریلی گیس کے حملے میں چل بسے۔ میں کسی کو بھی نہ بچا سکا۔کچھ دیر بعد ہی اپنے دونوں بچوں اور اہلیہ کے انتقال کی خبر مل گئی۔ عبدالحمید کے کزن علاء نے بتایا کہ عبدالحمید کی حالت بہت خراب ہے وہ بھی زہریلی گیس سے متاثر ہوا ہے لیکن اتنے بڑے جانی نقصان سے وہ ٹوٹ پھوٹ گیا ہے۔