شاہ سلمان کی زیر صدارت ریاض اکنامک فورم کا دسواں سیشن 14 نومبر کو
فورم کا انعقاد سعودی وژن 2030 کے اہداف کے حصول کے لیے ہے(فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب، ریاض اکنامک فورم کے دسویں سیشن کی میزبانی کرے گا ۔ فورم، شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں 14 سے 16 نومبر کو ہوگا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریاض ایوان صنعت و تجارت کے چیئرمین عجلان بن عبدالعزیز العجلان نے کہا کہ’ ریاض اکنامک فورم کا انعقاد سعودی وژن 2030 کے اہداف کے حصول کے لیے ہورہا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’شاہ سلمان فورم کی سرپرستی کررہے ہیں۔ اس سے اقتصادی ترقی کی کوششوں کے فروغ میں مدد ملے گی‘۔
ریاض ایوان صنعت و تجارت کے چیئرمین نے کہا کہ’ ریاض اکنامک فورم قومی معیشت کے ترقیاتی و معاشی مسائل کی نشاندہی میں معاون بنے گا‘۔
’ریاض اکنامک فورم میں مملکت کے علاقوں کو ریلوے سے جوڑنے، سیاحت نیز لاجسٹک خدمات کے فروغ میں اس کے اثرات، نئی سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل تبدیلی کے علاوہ ٹیکس، فیس اور زکوۃ سے متعلقہ امور کی قانون سازی میں مختلف شعبوں میں ہم آہنگی جیسے مطالعات پر بحث ہوگی‘۔