حفرالباطن میں اجتماعی جھگڑا: چاقو سے حملے، چار شہری گرفتار
جمعرات 24 فروری 2022 5:38
اجتماعی جھگڑے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب کی کمشنری حفرالباطن میں اجتماعی جھگڑے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔
الشرقیہ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے وائرل وڈیو میں جھگڑے میں نظر آنے والے چار سعودی شہریوں کو نشاندہی کے بعد گرفتار کر لیاا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وائرل وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان ایک دوسرے پر چاقو سے حملے کر رہے ہیں جبکہ جائے وقوعہ پر موجود شہری خوفزدہ نظر آرہے ہیں۔
پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے بتایا کہ ’سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو کی رپورٹ پراسیکوشن کے نگراں مرکز سے ملنے پر جھگڑے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا۔‘
یاد رہے کہ ’فوجداری کارروائی قانون کی دفعہ پندرہ اور سترہ کے بموجب اجتماعی لڑائی جھگڑا کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا حکم ہے۔‘
پبلک پراسیکوشن کے عہدیدار نے بتایا کہ ’جرم کی سنگینی کے باعث جھگڑے میں ملوث نوجوانوں کو سخت سزائیں ملیں گی۔‘
پراسکیوشن کا نگراں مرکز معاشرے میں امن و استحکام کو متاثر کرنے والی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھتا ہے اور پبلک پراسیکوشن جرائم کے انسداد کے لیے مقرر قانونی کارروائی میں کسی رعایت سے کام نہیں لیتا۔
جھگڑے میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری مقدمات چلائے جائیں گے اور جرم ثابت ہونے پر انہیں نشان عبرت بنایا جائے گا۔