مدینہ منورہ میں بارش، متعدد علاقوں میں گرد
جمعرات 24 فروری 2022 10:17
’مدینہ منورہ کے مختلف علاقوں میں بارش کی کیفیت شام 7 بجے تک رہے گی‘ ( فوٹو: واس)
مدینہ منورہ میں آج ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے جبکہ ملک کے متعدد علاقے گرد آلود ہوا کی زد میں ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مدینہ منورہ شہر کے علاوہ الحناکیہ، الفریش، الفقرہ، الیتمہ، بدر، ینبع، العلا، خیبر اور دیگر علاقوں میں بارش ہوگی‘۔
’محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مذکورہ علاقوں میں بارش کی کیفیت شام 7 بجے تک رہے گی‘۔
دوسری طرف ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی نے توقع ظاہر کی ہے کہ آج جمعرات سے آئندہ چند دنوں تک متعدد علاقوں میں بارش ہوگی۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض ،قصیم، تبوک اور شمالی و مشرقی علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے‘۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’آج ملک کے متعدد علاقوں میں گرد آلود ہوا چل رہی ہے جبکہ بالائی علاقوں میں دھند ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’تبوک، حائل، الجوف اور شمالی حدود ریجن کے علاوہ مدینہ منورہ کے بعض علاقے بھی گرد و غبار سے متاثر ہوں گے‘۔