Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بک کی روسی سرکاری میڈیا کے اشتہارات پر پابندی

روس اور یوکرین تنازع کے دوران سوشل میڈیا پر غلط معلومات بھی شیئر کی جا رہی ہیں۔ فائل فوٹو: روئٹرز
یوکرین پر حملے کی وجہ سے فیس بک نے روس کے سرکاری میڈیا کے اشتہار روک دیے ہیں۔
فیس بک کی سکیورٹی پالیسی کے سربراہ نیتھانیئل گلائیچر کا ٹوئٹر بیان میں کہنا تھا کہ ’ہم روس کے سرکاری میڈیا کو دنیا میں کہیں بھی اپنے پلیٹ فارم پر اشتہار چلانے سے روک رہے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’فیس بک روسی سرکاری میڈیا پر لیبل لگانا جاری رکھے گا۔‘
لیبل لگانے کا مقصد اس بات کو واضح کرنا ہوگا کہ روس کے سرکاری میڈیا کی طرف سے جاری کیا جانے والا مواد کہاں سے آ رہا ہے۔ 
روس کے یوکرین پر حملے کے دوران سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر جہاں غلط معلومات شیئر کی جا رہی ہیں، وہیں کشیدگی کی لمحہ بہ لمحہ تفصیلات پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔
میٹا میں کام کرنے والے ایک عہدیدار نک کلیگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’کل روسی حکام نے ہمیں آزادانہ فیکٹ چیکنگ اور چار روسی سرکاری میڈیا اداروں کے مواد پر لیبل لگانے سے روکا، جس پر ہم نے یہ احکامات ماننے سے انکار کر دیا۔‘
ان کا بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا جب روسی میڈیا کے ریگولیٹر نے کچھ گھنٹے قبل کہا تھا کہ وہ فیس بک تک رسائی محدود کر رہے ہیں، انہوں نے امریکی کمپنی میٹا پر سنسرشپ اور روسی شہریوں کے حقوق کی خلاف ورزی کا الزام بھی لگایا۔

شیئر: