فائنل ایگزٹ کی مدت میں اضافہ یا اسے تبدیل کرنا ممکن ہے؟
فائنل ایگزٹ کی مدت میں اضافہ یا اسے تبدیل کرنا ممکن ہے؟
اتوار 13 مارچ 2022 0:01
اگرپاسپورٹ ایکسپائرہونے میں مدت کم ہوگی تو خروج نہائی ویزہ جاری نہیں ہوگا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کے رہائشی کارڈ ’اقامہ ‘ اور ایگزٹ ری انٹری ’خروج وعودہ‘ یا فائنل ایگزٹ جسے عربی میں ’خروج نہائی‘ کہا جاتا ہے کا ذمہ دار ادارہ جوازات ہے۔
جوازات کے قانون کے مطابق فائنل ایگزٹ یعنی خروج نہائی کی کوئی فیس نہیں ہوتی جبکہ ایگزٹ ری انٹری کی فیس مقرر ہے جو کہ ماہانہ حساب سے وصول کی جاتی ہے۔
ایک شخص نے جوازات کے ٹوئٹر پر دریافت کیا ’خروج نہائی کے لیے پاسپورٹ کی کم از کم کتنی مدت ہونا لازمی ہے؟‘
جوازات کا کہنا تھا کہ خروج نہائی کے لیے لازمی ہے کہ پاسپورٹ کی مدت میں کم از کم 60 دن باقی ہوں۔
اگرپاسپورٹ ایکسپائرہونے میں مدت کم ہوگی تو خروج نہائی ویزا جاری نہیں ہوگا۔ فائنل ایگزٹ ویزہ لگائے جانے کے بعد صارف کو 60 دن کی مہلت دی جاتی ہے اس دوران وہ اپنے جملہ امور نمٹا سکتا ہے۔
مقررہ مدت کے اندر سفرکرنا ضروری ہوتا ہے۔ امیگریشن قانون کے مطابق پاسپورٹ بین الاقوامی سفری دستاویز ہے جس کا سفر کے وقت کارآمد ہونا لازمی ہوتا ہے۔
جوازات کے قانون کے تحت غیر ملکی کارکن کودی جانے والی 60 روزہ مہلت کی وجہ یہی ہے کہ اس دوران وہ اپنے معاملات نمٹا سکے۔ خروج نہائی لگائے جانے کے بعد مملکت میں کارکن کا قیام 60 روز تک قانونی تصور ہوتا ہے۔
فائنل ایگزٹ ویزا لگائے جانے کے بعد اگرچہ جوازات کے مرکزی سسٹم میں غیر ملکی کارکن کی فائل عارضی طورپربند کردی جاتی ہے تاہم اسے مستقل طورپر اس وقت ہی بند کیا جاتا ہے جب کارکن مملکت سے نکل جاتا ہے اور ہوائی اڈے پرموجود امیگریشن کاونٹر سے اس کا ایگزٹ لگا دیا جاتا ہے۔
ایئرپورٹ کے امیگریشن کاؤنٹر سے کارکن کا ایگزٹ لگائے جانے کے بعد جوازات کے مرکزی کنٹرول سسٹم میں کارکن کی فائل کلوز کردی جاتی ہے۔
جوازات سے ایک شخص نے دریافت کیا ’خروج نہائی کی مدت میں اضافہ یا اسے تبدیل کیا جاسکتا ہے؟‘
جوازات کا کہنا تھا کہ فائنل ایگزٹ ویزا سٹمپ ہونے کے بعد اس کی مدت میں نہ توسیع کی جاسکتی ہے اور نہ ہی اسے تبدیل کیاجاتا ہے۔
خروج نہائی لگانے کے بعد 60 دن کی مہلت دی جاتی ہے اس دوران سفر کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اگرکسی نے خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ لگایا اور اس کا ارادہ سفرکرنے کے نہیں ہو اس صورت میں اسے چاہیے کہ وہ اپنے سپانسر کے ذریعے ویزے کو مقررہ 60 روزہ مدت کے اندر کینسل کرائے۔
ویزے کو مقررہ مدت کے اندر کینسل کرانے کے بعد دوبارہ جب جانا ہو اس وقت ویزا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ خروج نہائی کو مقررہ مدت کے اندر کینسل نہ کرانے پرایک ہزارریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے اور دوبارہ خروج نہائی ویزا اسی وقت جاری کرایا جاسکتا ہے جب اقامہ کارآمد ہو۔