مدینہ منورہ میں گرد، متعدد علاقوں میں بارش کا امکان
’مدینہ منورہ شہر کے علاوہ قرب و وجوار میں شام 5 بجے تک غبار رہے گا‘ ( فوٹو: طقس العرب)
مدینہ منورہ سمیت متعدد علاقوں میں آج مطلع غبار آلود ہے جبکہ ریاض اور قصیم میں بارش کا امکان ہے۔
سبق ویب سائٹ کےمطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مدینہ منورہ شہر کے علاوہ الحناکیہ، العلا، العیص، خیبر اور الیتمہ میں شام 5 بجے تک غبار رہے گا‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’اسی طرح کی کیفیت مگر زیادہ شدت کے ساتھ نجران ریجن میں ہے جہاں نجران شہر کے علاوہ الخرخیر، شرورہ اور بدر الجنوب میں شام 5 تک حد نگاہ متاثر رہے گی‘۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’ریاض ریجن کے مغربی علاقوں کے علاوہ قصیم، مشرقی ریجن، عسیر اور باحہ میں مطلع ابر آلود ہوگا جہاں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے‘۔
دریں اثنا موسمیات کے ماہر عبد العزیز الحصینی نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں سردی کی نئی لہر کا آغاز ہوچکا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’گزشتہ رات کو قریات میں درجہ حرارت ایک سینٹی گریڈ تھا جبکہ ریاض میں 14 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا‘۔