سعودی عرب تیل منڈیوں میں توازن و استحکام برقرار رکھنا چاہتا ہے: ولی عہد
جمعرات 17 مارچ 2022 22:20
سعودی جاپانی وژن کے تناظر میں دوطرفہ بڑھتے ہوئے امکانات کا جائزہ لیا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب تیل منڈیوں میں توازن و استحکام برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے یہ یقین دہانی جاپانی وزیراعظم فومیو کیشیدا کو ٹیلیفونک رابطے کے دوران کرائی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان سے جمعرات کو جاپانی وزیراعظم نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا تھا۔ انہوں نے دونوں دوست ملکوں کے درمیان تعاون کی جہتوں اور سعودی جاپانی وژن 2030 کے تناظر میں دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔
دونوں رہنماؤں نے یوکرین کی تازہ صورتحال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں سمیت متعدد علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی ولی عہد نے کہا کہ مملکت، یوکرین کی کشمکش پرامن وسائل خصوصا مکالمے کے ذریعے حل کرانے کے حق میں ہے، اس حوالے سے جو کوششیں کی جارہی ہیں ان سب کی تائید و حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مملکت چاہتی ہے کہ عسکری کارروائی بند کرانے کے لیے کی جانے والی ہر کوشش کا ساتھ دیا جائے تاکہ امن و استحکام بحال ہو۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے ایک بار پھر مملکت کے روایتی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب تیل منڈیوں میں توازن و استحکام کا تحفظ چاہتا ہے اور اس حوالے سے اوپیک پلس معاہدے کی پابندی کو ضروری سمجھتا ہے۔ تیل منڈی کے استحکام میں اوپیک پلس کا کردار بے حد اہم ہے۔