Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوم پاکستان پریڈ:نمایاں کارنامے سرانجام دینے والے افراد کون ہیں؟

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے شکرپڑیاں گراؤنڈ میں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب کے موقع پر کارہائے نمایاں سرانجام دینے والے مردوخواتین کا خصوصی تعارف کرایا گیا۔
بدھ کو ہونے والی مرکزی تقریب میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم پاکستان عمران خان، مسلح افواج کے سربراہوں اور او آئی سی ممالک کے وفود کی موجودگی میں متعارف کرائے گئے افراد کو خصوصی نشستیں دی گئی تھیں۔
تقریب کی کمنٹری کرنے والوں نے نام لے کر ان شخصیات کا تعارف کرایا تو ان کے کاموں سے متعلق مختصر معلومات بھی شیئر کی گئیں۔

 


فوٹو: (سکرین گریب)

ایک دہشت گرد حملے میں جان قربان کرنے والے ڈی ایس پی منور ترین کی اہلیہ زرغونہ منظور نے پولیس میں شمولیت اختیار کی اور اس وقت بلوچستان کی پہلی خاتون ایس ایچ او ہیں۔

فوٹو: (سکرین گریب)

ملک عدنان نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کو جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے بچانے کی کوشش کی تھی، جس پر انہیں تمغہ شجاعت سے بھی نوازا گیا۔

فوٹو: (سکرین گریب)

اخوت فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر امجد ثاقب نے مستحق افراد کے لیے بلاسود قرض دینے کا آغاز کیا۔ 40 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو 60 ارب کا قرضہ حسنہ دیا جا چکا ہے جبکہ اخوت یونیورسٹی بھی مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کر رہی ہے۔

فوٹو: (سکرین گریب)

پروین بی بی نے شوہر کی وفات کے بعد رکشہ ڈرائیونگ کو روزگار بنایا اور نہ صرف خودکفیل زندگی گزار رہی ہیں بلکہ لاہور میں مستحق خواتین کو ڈرائیونگ کی مفت تربیت بھی دے رہی ہیں۔

فوٹو: (سکرین گریب)

ڈاکٹر ممپال سنگھ نے لاہور میں نوزائیدہ بچوں کے لیے انتہائی نگہداشت کا یونٹ قائم کیا جو ہزاروں والدین کے لیے امید کی کرن ہے۔

فوٹو: (سکرین گریب)

گولڈ میڈلسٹ مریم شمعون بلوچستان کی مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون اسسٹنٹ کمشنر ہیں۔

فوٹو: (سکرین گریب)

صائمہ سلیم نے 13 سال کی عمر میں بصارت سے محروم ہونے کے باوجود سی ایس ایس کے امتحان میں چھٹی پوزیشن حاصل کی اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندہ بھی ہیں۔

فوٹو: (سکرین گریب)

سینیٹر کرشنا کماری کوہلی تھرپارکر سے تعلق رکھتی ہیں۔ پانچ فروری 2022 کو ان کی صدارت میں سینیٹ آف پاکستان نے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے باسیوں کے حق میں متفقہ قرارداد پاس کی۔

شیئر: