Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں آرامکو کی تنصیب پر حملہ، آگ لگ گئی

جازان شہر پر بیلسٹک میزائل ہدف پر پہنچنے سے پہلے تباہ کیا گیا( فائل فوٹو اے ایف پی)
عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان بریگیڈیئرترکی المالکی نے کہا ہے کہ’جمعے کو پانچ بجکر 25 منٹ پر جدہ شہر میں آرامکو کے پٹرولیم مصنوعات کے ڈسٹری بیوشن سٹیشن پر حملہ ہوا ہے‘۔
ترجمان نے کہا کہ’ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملہ حوثیوں نے کیا ہے‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ترجمان نے کہا کہ ’حملے میں ڈسٹری بیوشن سٹیشن کے دو ٹینکوں میں آگ لگ گئی جس پر قابو پا لیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا‘۔
ترجمان نے کہا کہ ’حوثی ملیشیا سعودی عرب کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ان کا سارا زور تیل کی رسد اور عالمی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی پر اثر انداز ہونا ہے‘۔
عرب اتحاد کے ترجمان نے کہا کہ’ جمعے کو ہونے والے حوثیوں کے حملوں سے جدہ شہر کی معمول کی زندگی متاثر ہوئی اور نہ ان حملوں سے کوئی فرق پڑا ہے‘۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی حوثیوں نے جدہ میں  آرامکو کے تحت پٹرولیم مصنوعات کے ایک ڈسٹری بیوشن سٹیشن پرحملہ کیا تھا۔
قبل ازیں عرب اتحاد نے کہا تھا کہ سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے جمعے کو حوثیوں کے 16 حملے ناکام بنائے ہیں، ڈرونز اور بیسلٹک میزائل تباہ کردیے گئے۔
عرب اتحاد برائے یمن نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’مملکت کے جنوبی علاقے کو نشانہ بنانے کی حوثیوں کی ایک بڑی کوشش ناکام بنادی گئی ہے۔ ایران کے حمات یافتہ حوثیوں نے 9 بارود بردار ڈرونز سے حملوں کی کوشش کی جنہیں تباہ کردیا گیا۔‘
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عرب اتحاد نے کہا کہ ’حوثیوں نے پہلا حملہ جمعے کی صبح کیا، 6 بارود بردار ڈرونز کو ہدف سے پہنچنے سے پہلے تباہ کردیا گیا۔‘
’جمعے کی دوپہر حوثیوں نے تین بارود بردار ڈرونز بھیجے انہیں بھی ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کردیا گیا۔‘
سعودی دفاعی نظام نے جازان شہر پر بیلسٹک میزائل اور نجران شہر پر بارود بردار ڈرون کو بھی ہدف پر پہنچنے سے پہلے تباہ کیا۔
عرب اتحاد کے ترجمان نے بتایا کہ ’مملکت کے جنوبی، وسطی اور مشرقی علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جنہیں ناکام بنایا گیا ہے۔‘
ترجمان نے کہا کہ ’حوثی ملیشیا جارحانہ حملے کرکے صورت حال کو گھمبیر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور توانائی کی رسد میں خلل پیدا کر کے عالمی معیشت کو متاثر کرنے کے درپے نظر آرہے ہیں۔‘
عرب اتحاد نے تیل تنصیبات اور سول اداروں پر جارحانہ حملوں کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’خلیجی تعاون کونسل میں شامل ممالک اور بین الاقوامی برادری یمنی فریقوں کے درمیان مشاورت کی جو مہم چلائے ہوئے ہے۔ عرب اتحاد اسے کامیاب بنانے کے لیے کوشاں تھا اور رہے گاْ جبکہ حوثی اسے ناکام بنانے میں لگے ہوئے ہیں‘۔
عرب اتحاد نے ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوں کی جانب سے حملہ آور بارود بردار ڈرون کو ہدف سے پہنچنے سے پہلے روک کر تباہ کرنے پر مشتمل وڈیوز بھی جاری کی ہیں۔
رات گئےعرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ’مملکت پر مزید حملوں کے حوالوں سے مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں‘۔
ایس پی اے کے مطابق عرب اتحاد نے کہا کہ ’جمعے کو سعودی عرب پر جو حملے کیے گئے وہ صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور الحدیدہ سے کیے گئے‘۔
’حوثیوں کے حملوں اور ان سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ جوابی اقدامات کے سلسلے میں ملکی اور علاقائی امن کو مدنظر رکھا جائے گا‘۔

شیئر: