Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ زین بگٹی حکومت سے الگ، اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کا اعلان

شاہ زین بگٹی نے کہا کہ حکومت نے وعدے کیے لیکن عوام کے لیے کچھ نہیں کیا (فائل فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے حکمراں جماعت تحریک انصاف کے اتحادی جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ اور وزیراعظم عمران خان نے مشیر شاہ زین بگٹی نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
اتوار کو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ زین بگٹی نے کہا کہ ’ہمیں مینڈیٹ ملا تھا کہ حالات بہتر کریں، امن بحال کریں مگر ہمیں وفاقی حکومت نے دلاسہ دیے رکھا۔‘
شاہ زین بگٹی نے کہا کہ ’بلوچستان میں لوگوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی۔ آج بلاول بھٹو ہمارے یہاں تشریف لائے۔ ہم وفاقی کابینہ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہیں اور ہم پی ڈی ایم کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ’ بلوچستان میں شورش بہت بڑا مسئلہ ہے۔ ہم نے اس سے نمٹنے کی کوشش کی۔‘
’حکومت نے وعدے کیے لیکن عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔ اپوزیشن کے خلاف جو زبان استعمال کی جا رہی ہے وہ زیب نہیں دیتی۔‘
اس موقعے پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’بلوچستان کے مسائل بہت پیچیدہ ہیں۔ شاہ زین بگٹی نے بہت بہادری والا فیصلہ کیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’تاریخ میں بلوچستان کے عوام کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا۔ اگر بلوچستان کے لوگوں کے مسائل حل نہیں کیے گئے تو ملک کو نقصان ہو گا۔‘
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ’ ہماری اتحادیوں سے بات چیت جاری ہے۔ وہ اپنا فیصلہ کر چکے ہیں، اب ان پر ہے کہ وہ قوم اور ملک کو کب اپنا فیصلہ سناتے ہیں۔‘

 

شیئر: