سعودی عرب میں پہلی آن لائن ایگزیکٹیو کورٹ کا افتتاح
سعودی عرب میں پہلی آن لائن ایگزیکٹیو کورٹ کا افتتاح
اتوار 27 مارچ 2022 19:36
ایگزیکٹیو کورٹ میں مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر انصاف ڈاکٹر ولید الصمعانی نے اتوار کو پہلی آن لائن ایگزیکٹیو کورٹ کا افتتاح کیا ہے۔
آن لائن ایگزیکٹیو کورٹ کی بدولت اب کارروائی 12 مراحل کے بجائے دو مراحل میں نمٹائی جائے گی۔ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کی کارروائی مختصرکردی گئی ہے ۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اوراخبار 24 کے مطابق ایگزیکٹیو کورٹ کی تمام کارروائی ڈیجیٹل ہوگی۔
وزارت انصاف نے کہا ہے کہ آن لائن ایگزیکٹیو کورٹ سٹراٹیجک منصوبوں میں سے ایک ہے۔ حکومت ڈیجیٹل تبدیلی کی جوقومی پالیسی طے کیے ہوئے ہے یہ اسی کا حصہ ہے۔ اس سے عدالت سے رجوع کرنے والوں کو بڑی سہولت ہو گی۔ اس سے وقت اور محنت کی بچت ہوگی۔
وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ آن لائن ایگزیکٹیو کورٹ میں مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے تحت کارروائی تیزی سے ہو گی ۔ متعلقہ فریقوں کی درخواستوں کی چھان بین ڈیجیٹل ہو گی۔ کارروائی 24 گھنٹے جاری رہے گی۔ ہفتے کے ساتوں دن آن لائن کام ہوگا۔
آن لائن ایگزیکٹیو کورٹ سے مستفید ہونے والے ’معین ای سروس پلیٹ فارم استعمال کر سکتے ہیں جو لوگوں کو 20 سے زیادہ عدالتی خدمات پیش کرتا ہے۔
اس اقدام کا مقصد عدالتی وقت کو کم کرنا، فراہم کردہ خدمات کے معیار کو بڑھانا، قانونی چارہ جوئی کو آسان اور ڈیجیٹل تبدیلی کو بہتر بنانا ہے۔
یونیفائیڈ نیشنل پلیٹ فارم کے مطابق درخواست دہندہ آئی ڈیز اورابشر کاؤنٹ کے ساتھ اپنی عدالتی کیس کی خدمات کو مکمل کرنے کے لیے ’معین‘ سسٹم تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔
فراہم کی جانے والی کچھ خدمات میں مقدمہ دائر کرنا، حاضری ثابت کرنا، مقدمے میں نمائندہ شامل کرنا، اپیل کرنا، قانونی کیس کی تفصیلی انکوائری حاصل کرنا، الیکٹرانک جوڈیشل سیشنز میں شرکت کرنا، میمورنڈا داخل کرنا، کیس کی حیثیت کے بارے میں پوچھ گچھ اور تقرری کرنا شامل ہیں۔