جیل سے فرار ہونے والے تحریک انصاف کے ایم پی اے کی ویڈیو وائرل
اتوار 24 اپریل 2022 10:43
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے رکن صوبائی اسمبلی فیصل زمان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس کے بارے کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے یہ ویڈیو جیل سے فرار ہونے سے قبل بنائی ہے۔
فیصل زمان دو افراد کے قتل کے مقدمے میں پشاور جیل میں قید تھے اور پچھلے دنوں صوبائی اسمبلی سے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے بعد پشاور کے ایم پی اے ہاسٹل کو ان کے لیے سب جیل قرار دیا گیا تھا۔
فیصل زمان پی کے 42 ہری پور تھری سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
صحافی جمشید بھاگوان نے اتوار کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شارٹ ویڈیو اپیلیکیشن ’لائیکی‘ کی یہ ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’خیبر پختونخوا کے مفرور رکن اسمبلی کا فرار سے قبل جیل کے اندر ٹِک ٹاک اپلیکشن پر اپنے فن کا مظاہرہ۔‘
اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔
صحافی ایاز اکبر یوسفزئی نے لکھا ’یہ بھاگا نہیں، اس کو محمود خان کی حکومت نے خود سہولت کاری کرکے فرار کروایا ہے۔ اس کو کنفرم سزائے موت ہونی تھی، فیصلہ محفوظ ہے۔ یہ 42 دن ایم پی اے ہاسٹل میں پڑا رہا، جب سب انتظام ہو گیا تو بہت آرام سے چلا گیا جیسے کسی ولیمے پر جا رہا ہو۔‘
ٹوئٹر صارف غلام علی نے لکھا ’ ماشاءاللہ ، عمران کا فین ہے تسبیح بھی ہاتھ میں ہے۔ اسی ہاتھ میں جو ہاتھ خون سے رنگا ہوا ہے۔‘
صحافی و تجزیہ کار مرتضیٰ سولنگی نے ویڈیو پر کچھ ان الفاظ میں تبصرہ کیا ’یہ لوگ ریاستِ مدینہ بنا رہے تھے۔ مختصر وقفے کے بعد پھر بنائیں گے۔‘
صحافی اور اینکر عاصمہ شیرازی نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ’یہ مذاق ہے پاکستان میں قانون اور انصاف کا۔۔۔ حد ہے خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی حکومت ہے اور جیل میں بند قتل کا ملزم ٹک ٹاک پر نہ صرف فنکاریاں دکھا رہا تھا بلکہ فرار بھی ہو چکا ہے ۔‘
ایک صارف میاں لاہوری نے لکھا ’ پچھلے 4 سال سے پاکستان ٹک ٹاک سمجھا ہوا ہے ان لوگوں نے۔‘
انسانی حقوق کے کارکن جبران ناصر نے طنز کرتے ہوئے کہا ’یہ وہ مشکل ترین حالات ہیں جن میں تحریک انصاف رکن صوبائی اسمبلی فیصل زمان جیل میں وقت گزار رہا تھا۔‘
انہوں نے لکھا ’فیصل زمان پی ٹی آئی ایکٹوسٹ طاہر اے ملک اور گلنواز کے قتل کے الزام میں جیل میں قید تھا۔‘
احمد نامی ایک ٹویپ نے اپنے تبصرے میں شریف فیملی کو ذکر کر کے سوال اٹھایا۔ انہوں نے لکھا ’ پوری شریف فیملی اس وقت مفرور ہے اُس بارے کیا خیال ہے۔‘
اس ویڈیو ہونے والے تبصروں میں یہ بحث بھی ہو رہی ہے کہ یہ ویڈیو ٹک ٹاک پر نہیں بلکہ لائیکی اپیلیکشن پر بنائی گئی ہے۔
خیال رہے کہ سنیچر کو مقتول طارق اقبال ملک کے بھائی نے پشاور میں پریس کانفرنس کی تھی جس میں انہوں فیصل زمان کے فرار کے معاملے حکومت سے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔