Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب دنیا میں سائنس فکشن مصنفین کے لیے ادبی انعام کے قیام کی تجویز

لٹریچر، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن کا قیام 2020 میں عمل میں آیا تھا۔ فوٹو عرب نیوز
ادب کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے  سعودی عرب  میں سائنس فکشن اور  تصوراتی کہانیوں کی تصنیف کی ترقی پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے آن لائن میٹنگ کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق لٹریچر، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن (ایل پی ٹی سی )کے زیر اہتمام لٹریچر آف سائنس فکشن اینڈ فینٹسی  کے موضوع پر یہ تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کے شرکاء نے  ادب  کے شعبے  کو درپیش چیلنجز کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تخلیقی صلاحیتوں  کی بہترین انداز سے مدد کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ان  تجاویز میں سب سے اہم عرب دنیا میں سائنس فکشن لکھنے کے لیے ادبی انعام کا قیام تھا۔
اس ادبی انعام کی بنیاد سعودی عرب میں رکھی جائے گی لیکن تمام عرب ممالک میں ادبی ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور ادبی کاموں کی اشاعت کی حوصلہ افزائی کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
آن لائن میٹنگ میں  اس بات بھی زور دیا  گیا ہے کہ سائنس فکشن اور تخیلاتی  ناولوں کے عرب مصنفین کے لیے میڈیا کے ذریعے زیادہ سے زیادہ نمائش فراہم کی جائے  اور مقامی و بین الاقوامی ادبی فورمز اور کانفرنسوں میں ان کی شمولیت کو فروغ دیا جائے۔

 سعودی مصنفین کی سائنس فکشن تحریروں کو سنیما پروڈکشن میں ڈھالنا چاہئے۔ فوٹو ٹوئٹر

اس تقریب میں شامل شرکاء نے یہاں پر موجود  ٹیلنٹ کی حمایت اور اس کی بہتری  کے لیے ورکشاپس اور تربیتی کورسز کی اہمیت کو اجاگر کیا اور سعودی سپیس کمیشن جیسی سائنسی ایجنسیوں کے ساتھ زیادہ تعاون کی تجویز دی۔
اس آن لائن تقریب میں کتابوں کی دکانوں کے اندر سائنس فکشن اور تصوراتی کہانیوں کی  اشاعتوں کی مارکیٹنگ کو بہتر بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے ساتھ ہی ساتھ اس  بات پر  بھی غور کیا گیا کہ ادب کو فروغ دینے کے لیےمصنفین اپنی اشاعتوں کو دوسری زبانوں میں ترجمہ کرنے کے لیے کس طرح مل کر کام کر سکتے ہیں۔

تمام عرب ممالک میں ادبی ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔ فوٹو ٹوئٹر

تقریب کے شرکاء نے خیال ظاہر کیا ہے کہ سعودی مصنفین کے سائنس فکشن کاموں کو سنیما اور ٹیلی ویژن پروڈکشن میں ڈھالنے کے لیے مزید کوششیں کی جانی چاہئیں۔
لٹریچر، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن(ایل پی ٹی سی) کا قیام ڈاکٹر محمد حسن علوان کی زیرنگرانی2020 میں وزارت ثقافت کے تحت عمل میں آیا تھا۔ اس کمیشن کا مقصد ادب اور سائنس فکشن کو اندرون اور بیرون ملک فروغ دینا ہے۔
 

شیئر: