سعودی عرب میں گرمی کی ’اصلی لہر 15 دن بعد آئے گی‘
درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ خشک اور گرم تیز ہوائیں ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے ماہر عقیل العقیل نے کہا ہے کہ ’حقیقی موسم گرما 15 روز بعد شروع ہوگا۔‘
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی چینل کے خصوصی پروگرام ’صباح السعودیہ‘ میں گفتگو کرتے ہوئےعقیل العقیل نے کہا کہ ’ان دنوں مملکت میں دو لہریں آئی ہوئی ہیں۔‘
’ایک گرد وغبار کی ہے۔ اس کا رخ شمال کی جانب ہے جبکہ دوسری لہر گرمی کی ہے جو مکہ مکرمہ ریجن، جدہ کمشنری، مدینہ منورہ ریجن کے بعض مقامات اور اس کے ساحلوں کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہے۔‘
عقیل العقیل نے بتایا کہ ’درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ خشک اور گرم تیز ہوائیں ہیں جبکہ مملکت کے مشرقی علاقوں میں ریت کا شدید طوفان آنے والا ہے۔‘
موسمیات کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’اتوار کے مقابلے میں پیر کو دن کے وقت موسم کم گرم رہنے کا امکان ہے۔‘
عاجل ویب سائٹ کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز کے عہدیدار حمزہ کومی نے بتایا کہ’ موسم بہار کے آخری ایام اور حقیقی موسم گرما کے قریب آنے سے مملکت بھر میں آب و ہوا میں ٹھہراؤ نہیں ہے۔‘
مملکت کے شمالی، جنوبی، وسطی اور مشرقی علاقوں میں درجہ حرارت ایک جیسا نہیں۔ گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے ہر جگہ درجہ حرارت مختلف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’پیر کو مکہ اور مدینہ کے اندرونی علاقے گرمی سے متاثر ہوں گے۔ اسی دوران درجہ حرارت بتدریج ساحلی علاقوں میں کم ہوتا چلا جائے گا۔‘