پانچ برس سے زیادہ پرانی گاڑی درآمد کرنے کی اجازت نہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی محکمہ کسٹم ، زکوہ اورٹیکس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سال 2017 سے زیادہ پرانے ماڈل کی گاڑی درآمد نہیں کی جاسکتی۔ جبکہ درآمد کی جانے والی گاڑی کا سعودی معیار کے مطابق ہونا ضروری ہے۔
محکہ کسٹم کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا بیرون ملک سے گاڑی منگوانے کی خاص شرائط ہیں یا اپنی مرضی کے مطابق پرانی گاڑی منگوائی جاسکتی ہے۔
سوال کا جواب دیتے ہوئے محکمہ کسٹم کا کہنا تھا کہ مملکت میں سال 2017 ماڈل سے زیادہ پرانی گاڑی درآمد نہیں کی جاسکتی علاوہ ازیں جوگاڑی منگوائی جائے اس کا سعودی عرب کے مقررکردہ اسٹینڈرڈ کے مطابق ہونا ضروری ہے بصورت دیگر این اوسی جاری نہیں کیاجاتا۔
اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ گاڑی کی مجموعی قیمت پر5 فیصد کسٹم ڈیوٹی اور 15 فیصد واٹ لگایاجاتا ہے جو ادا کرنا ضروری ہے۔
واضح رہے سعودی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے مملکت میں درآمد کی جانے والی گاڑیوں کا معیارمقررکیا گیا ہے جو یہاں کے موسم سے مطابقت رکھتا ہے اگردرآمد کی جانے والی گاڑی مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں ہوتی تو اسے این اوسی جاری نہیں کیاجاتا۔
بیرون ملک خاص کریورپ و امریکہ سے گاڑی درآمد کرنے سے قبل’ریڈیئٹر‘اور ’ٹائر‘ تبدیل کرنا ضروری ہوتا ہے کیونکہ مملکت کا موسم گرم ہے جبکہ مغرب میں استعمال کی جانے والی گاڑیاں سرد موسم کے مطابق تیار کی جاتی ہیں اس لیے اگرمطلوبہ معیار کے مطابق گاڑی میں تبدیلی نہ کرائی جائے وہ سعودی عرب کے موسم میں چل نہیں سکتی۔