شہزادہ فیصل بن فرحان سے یوکرین کے وزیرخارجہ کی ملاقات
یوکرینی بحران کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے (فو ٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بدھ کو ڈیوس اکنامک فورم کے موقع پر یوکرین کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے یوکرینی بحران کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے اس موقف کا اعادہ کیا کہ’ سعودی عرب بحران کے سیاسی حل کے لیے تمام بین الاقوامی کوششوں اور سیاسی مذاکرات کے ذریعے بحران کے حل کی ٹھوس کوشش، شہریوں کے تحفظ اور کشیدگی میں کمی میں معاون ہر اقدام کے ساتھ ہے‘۔
اس موقع پر سوئٹزرلینڈ میں متعین سعودی سفیر ڈاکٹر عادل سراج مرداد اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں شہزادہ فیصل بن فرحان نے ڈیوس میں خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نایف الحجرف سے ملاقات کی ہے۔
انہوں نے مختلف شعبوں میں جی سی سی ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے امور، جی سی سی کے مفاد کے حصول میں معاون طریقوں اور جی سی سی کی مشترکہ جدوجہد کےحوالے سےبھی تبادلہ خیال کیا ہے۔